دمام اور قطیف میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز
جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بسوں میں تمام سہولتیں موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے بدھ کو دمام اور قطیف میں الشرقیہ میونسپلٹی اور پبلک ٹرانسپورٹ سعودی کمپنی ساپٹکو کے تعاون سے الیکٹرک بس کا افتتاح کیا ہے۔
عاجل ویب کے مطابق افتتاحی تقریب میں ٹی جی اے کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر رمیح بن الرمیح ، سیکریٹری الشرقیہ میئر انجینیئر محمد الحسینی بھی موجود تھے۔
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے کہا کہ’37 نشستوں پر مشتمل الیکٹرک بسیں جدید معیار کے مطابق ڈیزائن کی گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ اس میں تمام سہولتیں موجود ہیں‘۔
’420 کلو واٹ پاور کی بیٹری روزانہ 73 چکر لگانے کے لیے کافی ہے۔ ایک بار چارج ہونے پر بس 300 کلو میٹر تک کا سفر طے کرسکتی ہے۔ بس میں مسافروں کے لیے وائی فائی اور یو ایس بی کی سہولت بھی موجود ہے‘۔
دمام میں الیکٹرک بس کا افتتاح نئے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے 85 بسیں فراہم کی گئی ہیں جو یہ 8 روٹس پر چلائی جائیں گی۔
بس سروس 218 سٹینڈ کور کرے گی۔ 400 کلو میٹر کے دائرے میں سفری سہولت فراہم کی گئی ہیں۔