سعودی عرب میں 17 ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار
’کل گرفتار شدگان میں سے 11219 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے 17 ہزار 556 غیر قانونی تارکین گرفتار ہوئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ گرفتاریاں 9 نومبر سے 15 نومبر 2023 کے درمیان ہوئی ہیں۔
غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’کل گرفتار شدگان میں سے 11219 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے‘۔
’3782 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 2555 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے‘۔
’مذکورہ عرصے کے دوران 756 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
’ان میں سے 60 فیصد یمنی، 38 فیصد ایتھوپی جبکہ دو فیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے‘۔
’اسی طرح سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے 38 افراد گرفتار ہوئے ہیں‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 12 افراد گرفتار ہوئے ہیں‘۔