Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فضائی حملے میں 5 فلسطینی عسکریت پسند ہلاک

شمالی شہر نابلس میں بلاطہ کیمپ کے قریب اسرائیلی جنگی طیارے نے حملہ کیا۔ فوٹو: روئٹرز
مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اسرائیلی فضائی حملے پانچ فلسطینی عسکریت پسند ہلاک اور دو عام شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق سنیچر کو فلسطینی میڈیا نے بتایا ہے کہ شمالی شہر نابلس میں بلاطہ کیمپ کے قریب اسرائیلی جنگی طیارے نے یہ حملہ کیا ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے تاہم اسرائیلی فورسز نے فوری طور پر حملے کی تصدیق نہیں کی۔
غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف اسرائیل کی چھ ہفتے سے جنگ جاری ہے، یہ وہ علاقہ ہے جہاں فلسطینی ریاست کا درجہ چاہتے ہیں۔
اسرائیلی فورسز نے وضاحت کیے بغیر بتایا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کے خلاف حملوں کو روکنے کے لیے بلاطہ میں متعدد عسکریت پسندوں پر فضائی حملہ کیا گیا ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت الفتح کے ایک مسلح ونگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے پانچوں افراد عسکریت پسند تھے۔
فلسطینی ایمبولینس سروس کے سربراہ نے بتایا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی ڈرون حملے میں جمعے کو تین فلسطینی ہلاک ہوئے تھے۔

الفتح کے مسلح ونگ نے دعویٰ کیا ہے ہلاک ہونے والے عسکریت پسند تھے۔ فوٹو عرب نیوز

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری غزہ اسرائیلی جنگ میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مغربی کنارے میں کم از کم 51 بچوں سمیت 186 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ علاقے میں اسرائیلی آباد کاروں کے ہاتھوں مزید آٹھ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں جب کہ فلسطینیوں کے ہاتھوں چار اسرائیلی مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کرنے والے مسلح عسکریت پسند سیل کو اسرائیل ڈیفنس فورس کے طیارے نے نشانہ بنایا۔
حماس اور چھوٹے عسکریت پسند گروپ اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ انہوں نے جنین کی گلیوں میں کئی گھنٹوں تک اسرائیلی فورسز کو گھیرے میں لئے رکھا اور بھاری گولہ باری کی اور دھماکہ خیز مواد کے ساتھ انہیں روکے رکھا۔

اسرائیلی فورسز نے دو بندوق برداروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ فوٹو روئٹرز

دوسری جانب فورسز کا کہنا ہے کہ مسلح افراد گاڑیوں اور ایمبولینسوں میں جینن کے ابن سینا ہسپتال کی طرف گئے اور فوجیوں نے ہسپتال کے داخلی راستے پر ایک گاڑی کو روکا۔
اسرائیلی فورسز نے ہسپتال کے باہر ایک گاڑی کی تلاشی لینے اور ایم- 16 رائفلیں اور دیگر اسلحہ ملنے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ ہسپتال کے کچھ کارکنوں کو ہسپتال سے باہر نکلنے کا حکم دیا گیا تھا اور ایک ویڈیو میں یہ کارکن  ہاتھ اٹھائے عمارت سے باہر نکلتے ہوئے دکھائے گئے تھے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فورسز نے دو بندوق برداروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جنہوں نے مغربی کنارے کے  الخلیل شہر کے قریب ایک کار سے فوجیوں پر فائرنگ کی تھی۔

شیئر: