سعودی عرب کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم
مملکت نے مستقل بنیادوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے حوالے سے اپنے موقف کی تجدید کی (فائل فوٹو: ایکس)
سعودی عرب کی جانب سے غزہ میں انسانی بنیادوں پرجنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایکس اکاؤنٹ پر وزارت خارجہ کے مختصر بیان میں مملکت کی جانب سے جنگ بندی کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے قطر، مصر اور امریکی کوششوں کو سراہا گیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے علاقے میں مستقل بنیادوں پر عسکری کارروائیوں کو روکے جانے اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور ان کی امداد کے علاوہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی اپنے موقف کی تجدید کی ہے۔
دریں اثنا عاجل نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی غزہ میں انسانی بنیادوں پرجنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت قرار دیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ضرورت اس امر کی ہے کہ مستقل بنیادوں پروہاں خون ریزی بند ہونی چاہئے‘۔
واضح رہے قطری وزارت خارجہ کی جانب سے بدھ کی صبح اطلاع دی گئی تھی کہ غزہ پٹی میں انسانی بنیادوں پرحماس اوراسرائیل کے مابین جنگ بندی کا معاہدہ ہوا ہے جو مصر اورامریکہ کے تعاون سے انجام پایاہے اس بارے میں آئندہ 24 گھنٹوں تک اعلان کیا جائے گا۔
قطری وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں 50 اسرائیلی قیدی جن میں عورتیں اوربچے بھی شامل ہیں کو رہا کیا جائے گا جن کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین اوربچوں کو رہا کیا جائے گا۔