نئے ویزے پر آنے والے زیادہ سے زیادہ کتنے دنوں میں اقامہ بنوا سکتے ہیں؟
گھریلو کارکن ہوں یا کمرشل دنوں کے لیے اقامےکے اجرا کا قانون یکساں ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
جوازات کے پلیٹ فارم ’ابشر‘ پرایک شخص نے دریافت کیا’ فیملی ڈرائیور کے ویزے پرآنے والے کارکن کا اقامہ زیادہ سے زیادہ کتنے دن بعد بنانا ضروری ہے؟‘۔
سوال کا جواب دیتےہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’نئے ویزے پرآنے والے گھریلو کارکن ہوں یا کمرشل دنوں کے لیے اقامےکے اجرا کا قانون یکساں ہے‘۔
نظام کے مطابق نئے ویزے پرمملکت آنے والے کارکنوں کے لیے 90 روز کی تجرباتی مدت ہوتی ہے۔ اس دوران فریقین یعنی آجر واجیر میں اتفاق نہ ہو تو اس صورت میں ملازمت کے معاہدے کو حتمی منظوری کیے بغیر کارکن واپس جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے جوازات کا مزید کہنا ’نئے ویزے پرآنے والے کارکن کا اقامہ 90 روزہ تجرباتی مدت ختم ہونے سے قبل جاری کرانا ضروری ہے بصورت دیگر 500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے‘۔
واضح رہے وزارت افرادی قوت اورجوازات کے قانون میں آجر واجیر کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے تاکہ فریقین میں سے کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہواورہرفریق اپنا حق حاصل کرے۔
ملازمت کے معاہدے میں درج کام کی نوعیت اورشرائط کے علاوہ ماہانہ اجرت ، ہفتہ وار اورسالانہ تعطیلات کے علاوہ اضافی مراعات درج کی جاتی ہیں۔
اگرکارکن کام کی نوعیت اوراس کے مقابل ملنے والی اجرت سے مطمئن نہیں تو وہ معاہدے کی حتمی منظوری سے قبل اس میں باہمی اتفاق سے ترمیم کرانے کا حقدار ہوتا ہے۔
مملکت میں محنت قوانین کے مطابق آجر کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ کارکن کا سالانہ بنیاد پر میڈیکل انشورنس کرائے کیونکہ اس کے بغیراقامہ جاری نہیں کرایا جاسکتا۔
خیال رہے قانون محنت کی رو سے مملکت میں آجر واجیر کے درمیان ملازمت کا معاہدہ انتہائی اہم ہے جس کی تصدیق وزارت افرادی قوت کی جانب سے آن لائن کی جاتی ہے۔
وزارت افرادی قوت کی جانب سے فریقین کے حقوق کے تحفظ کےلیے ملازمت کے معاہدوں کی آن لائن تصدیق کو لازمی قرار دیا ہے جس کے بغیر اقامہ جاری نہیں کرایا جاسکتا۔
نئے ویزے پرآنے والے کارکن کی تجرباتی مدت ختم ہونے سے قبل اس میں اضافہ ممکن ہوتا ہے تاہم اس کے آجر و اجیر کا باہمی متفق ہونا ضروری ہوتا ہے۔
تجرباتی مدت میں اضافہ کی منظوری تحریری ہوتی ہے جس پرآجر واجیر کے دستخط ہوتے ہیں جس کے بعد ہی وہ نافذ العمل تصورکیاجاتا ہے۔
تجرباتی مدت ختم ہونے سےقبل اگر اس میں اضافہ نہ کرایا جائے اوراقامہ بھی جاری نہ کیا گیا ہو اس صورت میں 500 ریال جرمانہ کیا جاتا ہے۔