امارات نے غزہ کے متاثرین کے لیے دس امدادی ٹرک بھجوا دیے
اتوار 26 نومبر 2023 19:54
ٹرکوں پر 16520 فوڈ پیکٹ لدے ہیں جن کا مجموعی وزن 247.8 ٹن ہے۔ (فوٹو: وام)
اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پر اماراتی ہلال احمر نے اتوار کوغزہ پٹی کے متاثرین کے لیے دس امدادی ٹرک غزہ بھجوائے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق ٹرکوں پر 16520 فوڈ پیکٹ لدے ہیں جن کا مجموعی وزن 247.8 ٹن ہے۔
امارات غزہ کے باشندوں کی مشکلات کا بوجھ کم کرنے کے لیے امدادی مہم شروع کیے ہوئے ہے۔
اس سے قبل امارات کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ رفح کراسنگ سے اماراتی فیلڈ ہسپتال کی غزہ منتقلی شروع کر دی گئی ہے.
اماراتی فیلڈ ہسپتال غزہ پٹی میں فلسطینیوں کو ضروری طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔
امارات کا طبی عملہ ہسپتال کا نگراں ہو گا اور وہ زخمیوں کو علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔
غزہ پٹی میں اماراتی فیلڈ ہسپتال کی انتہائی گنجائش 150 بستروں سے زیادہ کی ہو گی۔ اس میں عام آپریشنز کے علاوہ ہڈیوں کے آپریشن کا انتظام ہو گا۔
فیلڈ ہسپتال میں لیباریٹری، فارمیسی کی خدمات مہیا ہوں گی۔