Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری راکان الشمری جرمن ریلوے کا اعلیٰ عہدیدار کیسے بنا

راکان الشمری کے مطابق انہوں نے جرمنی میں الیکٹرک انجینیئرنگ میں ماسٹرز کیا۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
جرمن ریلوے کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز سعودی نوجوان راکان الشمری نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے دور افتادہ علاقے ’الھبکہ‘ کے رہائشی ہیں اور وہ مملکت میں الیکٹرک انجینیئرنگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق راکان الشمری کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے ابتدائی 12 برس اپنے پیارے قریے ’الھبکہ‘ میں گزارے۔
راکان نے کہا کہ وہ والدہ کے ساتھ  قریے کے کچے مکانات اور جھونپڑیوں میں رہائش کے وہ یادگار لمحات کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ وہ آس پاس کے قریوں میں بھی آتے جاتے تھے، اسی ہمت اور جرات کی بدولت وہ اب تک 21 منصوبے مکمل کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا خواب پائلٹ بننے کا تھا لیکن حالات اس کی تکمیل میں رکاوٹ بن گئے، تاہم انہوں نے سائنس کی دنیا میں ترقی کے سفر سے متعلق اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے جرمنی گئے جہاں انہوں نے انجینیئرنگ کے شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ 
راکان الشمری کے مطابق انہوں نے جرمنی میں الیکٹرک انجینیئرنگ میں ماسٹرز کیا۔ اسی کے ساتھ کالج میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیتے رہے، بعد میں ریئل پاور جرمن کمپنی کے ماتحت الیکٹرک ٹرین منصوبوں کے ڈائریکٹر بن گئے۔ 
’انہوں نے جرمنی میں تعلیم اور روزگار کے سفر کے دوران دو مختلف تہذیبوں میں ہم  آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ سعودی عرب سے متعلق جرمن شہریوں کے منفی نقطہ نظر تبدیل کیے۔ انہوں نے اپنے وطن عزیز کی روشن تصویر اجاگر کی۔ مسلمانوں کے اخلاق اور سعودیوں کی خوش اخلاقی کا مظاہرہ کر کے اپنے وطن کی روشن تصویر پیش کی۔‘ 
راکان الشمری نے مزید کہا کہ وہ سعودی عرب واپس آ کر الیکٹرک انجینیئرنگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنا چاہتے ہیں اور جرمنی میں انہوں نے جو کچھ سیکھا اور تجربہ حاصل کیا ہے، اسے الیکٹرک انجینیئرنگ کنسلٹینسی کے ذریعے اپنے وطن اور ہم وطنوں تک  منتقل کریں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: