غزہ میں مستقل جنگ بندی کےلیے کوشاں ہیں: سعودی وزیر خارجہ
جمعرات 30 نومبر 2023 0:00
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ تشدد کوئی حل ہے اور نہ کسی اقدام کا جواب۔ (فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’غزہ میں مستقل جنگ بندی کے مطالبے کے حق میں بین الاقوامی سطح پر آوازیں اٹھ رہی ہیں‘۔
’ مستقل جنگ بندی کے لیے کوشاں ہیں۔ رابطوں کے دوران سن رہے ہیں کہ سب اسی رجحان کے حق میں ہیں او سب مستقل جنگ بندی چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ تشدد کوئی حل ہے اور نہ کسی اقدام کا جواب‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب غزہ میں مستقل جنگ بندی کےلیے کام کررہا ہے‘۔
اخبار 24 اور العربیہ کے مطابق نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’ اسلامی عرب وزارتی کمیٹی مستقل جنگ بندی کے لیے کوشاں تھی، ہے اور رہے گی‘۔
ان کا کہنا تھا ’ دوست ممالک سے رابطوں کے بعد ہمارا احساس یہ ہے کہ عالمی برادری مستقل جنگ بندی کی گہری خواہش رکھتی ہے‘۔
سعودی وزیر خارجہ نے بتایا ’شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات فضائی اور سمندری پل کے ذریعے اہل غزہ کو امدادی سامان پہنچا رہا ہے۔ ساھم پورٹل اہل غزہ کی مدد کے لیے عطیات مہم میں شروع کی گئی ہے‘۔
یاد رہے کہ اسلامی عرب سربراہ کانفرنس نے مشترہ عرب اسلامی وزارتی کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے جسے او آئی سی اور عرب لیگ کا موقف دنیا بھر تک پہنچانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔