دنیا کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ’دبئی ریف‘ پروجیکٹ کا آغاز
دنیا کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ’دبئی ریف‘ پروجیکٹ کا آغاز
ہفتہ 2 دسمبر 2023 19:42
دبئی کے ولی عہد کی ہدایات کے مطابق اس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔ (فوٹو: وام)
دبئی نے دنیا کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک دبئی ریف پروجیکٹ کے آغاز کا اعلان کیا ہے جو ماحولیاتی تحفظ کی جانب سفر میں ایک اہم قدم ہے۔
دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایات کے مطابق اس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یہ منصوبہ تازہ مچھلیوں کے ذخیرے کو بڑھانے، پائیدار ماہی گیری کی سپورٹ اور غذائی تحفظ کو بڑھانے میں تعاون کے لیے دبئی کی کوششوں کا حصہ ہے۔
دبئی ریف منصوبہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور سمندری حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
شیخ حمدان کا کہنا ہے کہ ’ماحول کا تحفظ، جنگلی حیات کی حفاظت اور حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا امارات کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ دبئی ماحولیات کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اس کے تحفظ کے لیے ایک اولین سٹریٹجک ترجیح کے طور پر پرعزم ہے‘۔
’ مرجان کی چٹانیں سمندری حیات کے تحفظ میں ایک اہم جز ہیں اوران کی اقتصادی اور ماحولیاتی دونوں طرح کی اہمیت ہے‘۔
ان کا کہنا تھا ’ہمیں دبئی میں شروع ہونے والے اس امید افزا منصوبے کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے جو مرجان کی چٹانوں کے تحفظ کے لیے عالمی کوششوں میں حصہ ڈال رہا ہے‘۔
اس منصوبے کا آغاز 28 ویں اقوام متحدہ کی کلائمیٹ چینج کانفرنس آف دی پارٹیز کوپ 28 کی میزبانی کے موقع پر ہوا ہے۔