Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہراہ قراقرم پر مسافر بس پر فائرنگ، فوج کے دو اہلکاروں سمیت 8 افراد ہلاک

زخمیوں کو آر ایچ کیو چلاس منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ (فوٹو: ریسکیو 1122)
پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں شاہراہ قراقرم پر مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے آٹھ افراد ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی صحافی سرور سکندر کے مطابق ڈپٹی کمشنر دیامر عارف احمد نے بتایا کہ ’سنیچر کی شام چھ بج کر 30 منٹ کے قریب قراقرم ہائی وے پر ہڈور میں مسافر بس جو غذر سے راولپنڈی جا رہی تھی، اس پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں بس لوڈر ٹرک سے ٹکرا گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔‘
’اس واقعے میں ابتدائی رپورٹ کے مطابق آٹھ افراد ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے ہیں۔‘
ڈپٹی کمشنر دیامر نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں پاکستان فوج کے دو اہلکار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو آر ایچ کیو چلاس منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے مسافر بس پر فائرنگ کی مذمت کی جا رہی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مذمتی بیان

خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے مسافر بس پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے بیان کے مطابق ’ وزیراعلیٰ مئ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔‘
وزیراعلیٰ کا ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رابطہ کر کے کوہستان کے سرحدی  علاقوں اور شاہراہ قراقرم پر امن و امان کی صورتحال پر خاص نظر رکھنے اور اس مقصد کے لیے پولیس کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔‘

شیئر: