Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیارا ایڈوانی، اور ‘فرضی‘: 2023 میں گوگل پر کیا سرچ کیا؟

اٹرنیٹ پر سرچ کے حوالے سے فلمی شخصیات کی بات کی جائے تو 2023 کا سال اداکارہ کیارا ایڈوانی کے نام رہا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جوں جوں سال رواں اختتام کی جانب گامزن ہے تو اس دوران رونما ہونے والے واقعات، اہم شخصیات اور گزرے لمحات کے حوالے سے ریویوز کا سلسلہ جاری ہے۔
معروف سرچ انجن گوگل نے 2023 کے دوران انڈیا میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں، ویب سیریز اور فلمی  شخصیات کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔

2023 کے دوران سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلم

انڈیا میں رواں سال کے دوران انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کو سرچ کیا گیا۔ ’جوان‘ 2023 کی بالی وڈ کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے۔
’جوان‘میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے شاہ رخ خان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ انہیں ’بالی وڈ کا بادشاہ‘ کیوں کہا جاتا ہے۔
انڈیا میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں دوسرے نمبر پر سنی دیولی کی ’غدر‘ رہی۔
’غدر‘ سنہ 2001 کی مشہور فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کا سیکوئل ہے جس نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے۔
سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں کرسٹوفر نولان کی ’اوپن ہائمر‘ تیسرے جبکہ اوم راٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی ’ادی پورش‘ چوتھے نمبر پر رہی۔
گوگل پر انڈیا میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پانچویں فلم شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ تھی۔ اس فلم کے ذریعے شارخ خان کی بالی وڈ میں واپسی ہوئی۔

 سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلمی شخصیات

انٹرنیٹ پر سرچ کے حوالے سے فلمی شخصیات کی بات کی جائے تو 2023 کا سال اداکارہ کیارا ایڈوانی کے نام رہا۔

سدھارتھ ملہوترا انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں چھٹے نمبر پر رہے (فائل فوٹو: ایکس)

سدھارتھ ملہوترا سے شادی سے لے کر کامیاب فلموں کی ریلیز تک کیارا ایڈوانی پورا سال مثبت حوالوں سے انٹرنیٹ پر چھائی رہیں۔ واضح رہے کہ ان کے شوہر سدھارتھ ملہوترا  نے بھی اس لسٹ میں چھٹے نمبر پر جگہ حاصل کی ہے۔
’بگ باس ٹو‘ کے ونر الوش یادو سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں پانچویں نمبر پر رہے۔

 سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ویب سیریز

ایمازون پرائم ویڈیو کی سیریز ’فرضی‘ انٹرنیٹ پر شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ 2023 کے دوران گوگل پر شاہد کپور اور وجے سیتھوپاتھی کی ’فرضی‘ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
دوسرے نمبر پر نیٹ فلیکس کی ’وینزڈے‘ کو سرچ کیا گیا۔ یہ سیریز اتنی کامیاب رہی کہ اس کے پروڈیوسرز نے اگلے سیزن کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔
تیسرے نمبر پر ’آسور‘ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا جس کے نمایاں کرداروں میں ارشد وارثی شامل تھے۔ ’رانا نائیڈو‘ اور ایچ بی او کی سیریز ’دی لاسٹ آف اس‘ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہیں۔

شیئر: