ایران: صوبہ سیستان بلوچستان میں اسرائیلی ایجنٹ کو پھانسی دے دی گئی
’غیرملکی ایجنٹ‘ کو پھانسی صوبہ سیستان بلوچستان کی زاہدان جیل میں دی گئی۔ (فائل فوٹو: تسنیم)
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے کہا ہے کہ سنیچر کو صوبہ سیستان بلوچستان میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک ایجنٹ کو پھانسی دے دی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ارنا نے کہا ہے کہ ’یہ شخص غیرملکی ایجنسیوں، خاص کر موساد، کے ساتھ رابطے میں تھا۔ اس نے خفیہ معلومات جمع کیں اور دوسرے افراد کی شراکت کے ساتھ دستاویزات موساد سمیت غیرملکی ایجنسیوں کو فراہم کیں۔‘
تاہم خبر میں اس شخص کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ملزم نے ’اسلامی جمہوریہ کے مخالف گروہوں اور تنظیموں کے لیے پروپیگنڈہ‘ کے مقصد سے ایک ’موساد افسر‘ کو خفیہ معلومات فراہم کی تھیں۔ لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ معلومات کہاں فراہم کی گئی تھیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ اس شخص کو کب گرفتار کیا گیا، لیکن ارنا نے کہا کہ رحم کی ایک اپیل مسترد کر دی گئی ہے۔
ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کی زاہدان جیل میں یہ پھانسی ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب ایک روز قبل ہی بلوچ عسکریت پسندوں نے صوبے کے ایک پولیس سٹیشن پر حملہ کر کے 11 سکیورٹی اہلکاروں کو قتل اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق سنیچر کو راسک نامی قصبے جہاں پر حملہ ہوا تھا، میں ہلاک ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔ اس حملے میں علیحدگی پسند گروہ جیش العدل کے دو عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے تھے۔
افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں سے متصل صوبہ سیستان بلوچستان میں طویل عرصے سے سکیورٹی فورسز اور سنی عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔