مصری اور امریکی وزرائے خارجہ کا غزہ اور بحیرہ احمر میں میری ٹائم سیکیورٹی خدشات پر تبادلہ خیال
دونوں وزرائے خارجہ نے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
مصری وزیر خارجہ سامع شاکری نے امریکی ہم منصب انتونی بلنکن کے ساتھ غزہ میں پیش رفت اور بحیرہ احمر آبنائے باب المندب میں میری ٹائم سیکیورٹی خدشات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد ابو زید نے کہا کہ ’سامع شاکری سے منگل کو امریکی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں صدر عبدالفتاح الیسی کی نئی مدت کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مصر کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا‘۔
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی پٹی اور ان کے علاقوں سے فلسطینیوں کی نقل مکانی روکنے کے لیے موجود تمام ذرائع استعمال کرنے پر اتفاق کیا۔
مصری وزیر خارجہ نے غزہ کو انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ ’وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عرب اور اسلامی ممالک کی جانب سے پیش کردہ قرار داد کے مسودے کی حمایت کرے جس کا فلسطینیوں کے لیے امداد کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ جنوبی بحیرہ احمر اور باب المندب میں سیکیورٹی چیلنجوں اور میری ٹائم ٹرانسپورٹ پر اس کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔