Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لیول پلیئنگ فیلڈ‘، ’الیکشن کمیشن شکایات سن کر ازالہ کرے‘

وکیل نیاز اللہ نیازی نے عدالت کو بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیے جا رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام شکایات سن کر ازالہ کرے۔
جمعے کو عدالت میں سماعت کے دوران الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل نے تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔
تحریک انصاف کی درخواست پر قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ہنگامی سماعت کی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ ’اٹارنی جنرل صاحب، اس تمام معاملے کا حل کیا ہے؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ حل یہی ہے کہ الیکشن کمیشن تمام آئی جیز سے رپورٹ طلب کرے اور یقینی بنائے کہ کسی امیدوار کو مسئلہ درپیش نا آئے۔ سیاسی جماعتوں کو شکایات ہیں تو الیکشن کمیشن کام نہیں کر رہا۔‘
قائمقام چیف جسٹس نے کہا کہ ’تمام آئی جیز کو کہیں کہ تحریک انصاف کے امیدواروں کو تنگ نہ کیا جائے۔
ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے کہا کہ وکلا کو بھی ریٹرننگ افسران کے دفتر سے گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ’الیکشن شیڈول جاری ہو چکا اب بھی ایم پی او کے آرڈر جاری ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی امیدواروں کو کاغذات نہ دیے جا رہے ہیں نہ جمع کرانے دیتے ہیں۔ ریٹرننگ افسران کاغذات وصول نہیں کرتے تو الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔‘
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بظاہر لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے۔ عثمان ڈار کے گھر جو ہوا وہ اخبارات میں شائع ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن فوری طور پر سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے۔ ایک سیاسی جماعت کو کیوں الگ ڈیل کیا جا رہا ہے؟ سب کے ساتھ یکساں سلوک ہی لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔
قائمقام چیف جسٹس نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن ایم پی او کے آرڈر کیوں نہیں رکوا رہا؟ ابھی تمام شکایات کا جائزہ لے کر حل کریں۔‘
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔
پاکستان تحریک انصاف نے آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
جمعے کو سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیے جا رہے۔ ’پی ٹی آئی نے درخواست جمع کرائی ہے۔ عمیر نیازی عدالت میں موجود ہیں۔ ان کے والد کے کاغذات نامزدگی پھاڑے گئے۔ اب تک بلے کا نشان الاٹ کرنے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں سنایا۔‘
وکیل نیاز اللہ نیازی کے مؤقف پر قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ رجسٹرار آفس ابھی آپ کی درخواست کو مقرر کر دیتا ہے۔
جسٹس سردار طارق مسعود نے سوال کیا کہ ’اگر آپ کا امیدوار اشتہاری ہو تو کیسے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے؟ آپ کے اپنے بندے کہہ رہے ہیں کہ انٹرا پارٹی الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے۔‘
جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے؟ اس پر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو بھی آ گاہ کر دیا ہے، ہماری درخواست سماعت کے لیے مقررکی جائے۔ ملک میں جنگل کا قانون ہے جو کچھ ہو رہا ہے کیسے عدالت کو بتاؤں۔‘
وکیل کے مؤقف پر چیف جسٹس نے کہا کہ آج ہی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو گی۔

شیئر: