Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی میلبرن ٹیسٹ میں شکست: ’قریب آ کر پھر دور‘

آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے کپتان پیٹ کمنز نے پانچ وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 317 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود نے 60، آغا سلمان نے 50 اور بابر اعظم نے 41 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے کپتان پیٹ کمنز نے پانچ، مچل سٹارک نے چار اور جوش ہیزل وُڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم اس صدی میں ابھی تک آسٹریلیا میں کوئی بھی ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی اور جس کے باعث پاکستانی فینز کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔
سنہ 2000 سے اب تک پاکستان نے آسٹریلیا میں 13 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں گرین شرٹس کو تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بھی پاکستانی ٹیم کے مداحوں اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے خیالات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سِلی ٹِڈی اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’وہ تمام نوجوان پاکستان کرکٹ فینز جن کے آسٹریلیا کے حوالے سے نئے نئے دل ٹوٹ رہے ہیں، جتنا جلدی ہو سکے اپنے آپ کو اس (شوق) سے الگ کر لیں اور امید بالکل نہ رکھیں کیونکہ یہ ہی آپ کی ذہنی صحت کے لیے بہتر ہوگا۔ ہماری تو بہت دیر ہوگئی لیکن آپ خود کو بچائیں۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل مرزا لال بیگ نے اس حوالے سے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک اور فریم ہمارے ہال آف فیم میں شامل ہوگیا۔‘
 
کانی نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیشہ سے قریب آ کر پھر دور چلے گئے، ہمیشہ مشکوک فیصلوں پر بحث، ہمیشہ ڈراپ ہونے والے کیچز کا خوف، اہم لمحات میں ہمیشہ فوراً آؤٹ ہونا، ہمیشہ مثبت باتوں سے دل بہلانا۔ میلبرن 2023، ایک اور لڑائی جو یاد رکھی جائے گی۔‘
 
اسد نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’رات کو میں ایک مرتبہ پھر سے معمول کے مطابق دل ٹوٹنے کے بعد والی بریانی بنا رہا ہوں۔ کیا خوبصورت دل دکھانے والا میچ تھا۔‘
 
صحافی فیضان لاکھانی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایک بات جو میلبرن ٹیسٹ میں پاکستان کے لیے مثبت رہی ہے وہ یہ ہے کہ ہمارے بولروں نے بہت عرصے بعد آسٹریلیا میں 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔‘
 
عبداللہ نے مزاحیہ انداز میں میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب پاکستان ٹیسٹ میچ ہار جائے لیکن انڈیا بھی ٹیسٹ میچ ہار جائے۔‘  
 

 

شیئر: