سعودی عرب کے ہونہار طلبا کے 2023 میں انٹرنیشنل سائنسی مقابلوں میں 610 ایوارڈز
ماویبا ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے کئی اقدامات کرتی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ’کنگ عبدالعزیز اور ساتھیوں کی فاؤنڈیشن برائے صلاحیت و تخلیق‘ (ماویبا) کی رپورٹ کے مطابق سال 2023 سعودی طلبا کے لیے قابل ذکر رہا۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ برس مملکت کے طلبا نے سائنس اولمپیاڈز اور دیگر بین الاقوامی سائنسی مقابلوں میں 610 ایوارڈز جیتے ہیں۔
اس فاؤنڈیشن کا مقصد سائنسی شعبوں میں باصلاحیت لوگوں کو دریافت کرنا اور ان کی پرورش کرنا ہے۔ ماویبا نے باوقار تحقیقی مراکز اور یونیورسٹیوں کے ساتھ جو شراکتیں قائم کیں ان کے باعث طلبا کو 16 ہزار سے زیادہ آئیڈیاز تیار کرنے اور 15 پیٹنٹ حاصل کرنے میں مدد ملی۔
ماویبا ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے کئی اقدامات کرتی ہے، جس سے سالانہ ہزاروں باصلاحیت افراد مستفید ہوتے ہیں، اور یہ فاؤنڈیشن گریجویٹ ہونے کے بعد بھی اپنے تربیت یافتہ افراد کے ساتھ تعاون کرتی ہے۔
ماویبا کے ساتھ تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین طلبا کو قومی ترقیاتی منصوبوں کی ضروریات کے مطابق 50 ممتاز ترین بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں قبول کیا گیا۔
ماویبا نے سعودی عرب میں 18 شہروں میں موسم گرما کے پروگرام بھی فراہم کیے، جس نے 387 بین الاقوامی طلباء سمیت 11 ہزار افراد کو اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد کی۔