’سکیورٹی خدشات‘، پاکستان کا سفر کرنے والے کینیڈین شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
کینیڈا نے اپنے شہریوں کو انتخابات سے متعلق تقریبات اور پولنگ سٹیشنز سے دوری اختیار کرنے کی ہدایت کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کینیڈا کی حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان کے مختلف علاقوں کا سفر کرنے کے حوالے سے انتباہی ہدایات جاری کی ہیں۔
کینیڈین ہائی کمیشن نے جمعرات کو اپ ڈیٹ کی گئی اپنی سفری ایڈوائزی میں کہا کہ ’پاکستان میں غیرمتوقع سکیورٹی صورتحال کی وجہ سے انتہائی احتیاط برتیں۔‘
ایڈوائزی میں کینیڈین شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ’پاکستان میں دہشت گردی، شہری بدامنی، فرقہ وارانہ تشدد اور اغوا کا خطرہ ہے۔ اس لیے غیرضروری سفر سے گریز کریں۔‘
کینیڈا کی جانب سے پاکستان کے لیے سفری ہدایت نامے میں سکیورٹی لیول ٹُو اپنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کے سرحدی علاقوں سفر سے گریز کریں۔ افغانستان کی سرحد کے 50 کلومیٹر کے اندر، چین، بھارت اور ایران کی سرحدوں کے 10 کلومیٹر کے اندر کے علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔‘
اپ ڈیٹ کی گئی ٹریول ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ ’سرکاری سرحدی گزرگاہوں کے علاوہ لائن آف کنٹرول کے 10 کلومیٹر اندر کے علاقے میں بھی سفر سے گریز کریں۔‘
’تشدد اور دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر کراچی شہر کا غیرضروری سفر نہ کریں۔‘
’سابق فاٹا اور صوبہ بلوچستان میں اکثر حملےہوتے رہتے ہیں جن کا نشانہ سیکورٹی و فوجی دستے رہتے ہیں۔ اس طرح کے مزید حملوں کا امکان ہے جن میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا، مسلح حملے، خودکش بم دھماکے، دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کا استعمال بعید از قیاس نہیں ہے۔‘
کینیڈین ہائی کمیشن کی ایڈوائزی میں مزید کہا گیا کہ ’مختلف فرقوں یا اقلیتی گروہوں کے اجتماع، حکومتی اور فوجی عمارتوں، عبادت گاہوں، ہوائی اڈوں اور نقل و حمل کے دیگر مراکز میں غیرضروری طور پر جانے سے اجتناب برتا جائے۔‘
’انتخابات سے متعلق تقریبات اور پولنگ سٹیشنز سے دوری اختیار کریں۔ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مظاہرے اور بڑے اجتماعات ہو رہے ہوں۔‘
کینیڈین حکومت کا تجویز کردہ حفاظتی تدابیر
۔عوامی مقامات پر اپنے اردگرد کے ماحول سے ہمیشہ آگاہ رہیں۔
۔ہر وقت اپنی شناختی دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں۔
۔مختصر نوٹس پر اپنے سفری منصوبوں کو تبدیل کرنے کے لیے تیار رہیں۔
۔بدلتی ہوئی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے مقامی میڈیا سے باخبر رہیں۔
۔مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔