Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگ کے بعد غزہ کا کنٹرول، اسرائیل کی جانب سے نیا منصوبہ پیش

اسرائیلی جنگی کابینہ نے غزہ کے انتظامی منصوبے کی منظوری نہیں دی۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے جنگ کے ختم ہونے کے بعد غزہ کے انتظامی امور کے حوالے سے پہلی مرتبہ تجاویز عوامی سطح پر پیش کی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع نےجمعرات کو میڈیا کے ساتھ منصوبہ شیئر کیا جس کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور نہ ہی حماس غزہ پر حکومت کریں گے، اس کے ساتھ ہی  یوو گیلنٹ نے غزہ میں یہودی آباد کاریوں کو بھی مسترد کیا ہے۔
اسرائیلی جنگی کابینہ نے غزہ کے انتظامی معاملات سنبھالنے سے متعلق منصوبے کی فی الحال منظوری نہیں دی۔
وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے یہ منصوبہ امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کے دورہ اسرائیل کے موقع پر پیش کیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی کے مطالبات مسترد کرنے اور غزہ میں عسکری آپریشن جاری رکھنے کے اصرار کے بعد محصور فلسطینی سرزمین کے مستقبل سے متعلق متعدد سوال پیدا ہوئے ہیں۔
یوو گیلنٹ کے تجویز کردہ منصوبے کے مطابق حماس کی ’عسکری اور انتظامی صلاحیتوں‘ کے تباہ ہونے اور یرغمالیوں کی واپسی تک جنگ جاری رہے گی۔
منصوبے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے مقاصد پورے ہونے کے بعد فلسطینی ’سول کمیٹیاں‘ غزہ کا انتظام سنبھالنا شروع کریں گی، تاہم ان تجاویز میں اسرائیلی مقاصد پورے ہونے کے حوالے سے کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔
منصوبے میں تفصیل دیے بغیر کہا گیا ہے کہ ’حماس غزہ پر حکومت نہیں کرے گی اور نہ ہی اسرائیل غزہ کے شہریوں پر حکومت کرے گا۔‘
’فلسطینی ادارے اس شرط کے ساتھ انچارج ہوں گے کہ ریاستِ اسرائیل کے خلاف کسی قسم کی جارحانہ کارروائیاں نہیں کی جائیں گی اور نہ ہی دھمکیاں دی جائیں گی۔‘

غزہ کے کنٹرول کا منصوبہ انٹونی بلنکن کے دورے کے موقع پر پیش کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب جمعے کو بھی وسطی غزہ کے علاوہ خان یونس اور رفح کے علاقوں پر بمباری کا سلسلہ جاری رہا جس میں کئی فلسطینی ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں ’ایک سو سے زائد اہداف‘ کو نشانہ بنایا ہے جن میں ملٹری پوزیشن، راکٹ لانچ کرنے کے مقامات اور ہتھیاروں کا ڈپو شامل ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 162 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ 
غزہ پٹی کا ایک بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن کر رہ گیا ہے جبکہ شہریوں کی ہلاکتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے اس انسانی بحران کے حوالے سے خبردار کیا ہے جس میں  ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں جنہیں بھوک اور بیماریوں کا سامنا ہے۔
سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے ردعمل میں غزہ پر بمباری میں 22 ہزار 600 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ 19 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائےفلسطینی مہاجرین کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ رفح کا علاقہ اس وقت نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں سے بھرا پڑا ہے۔
ترجمان عدنان ابو حسنہ نے کہا کہ، عام حالات میں علاقے کی آبادی ڈھائی لاکھ افراد پر مشتمل ہے جو اب 13 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

منصوبے کے مطابق اسرائیل اور نہ حماس غزہ کا کنٹرول سنبھالے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے ادارے کا کہنا ہے کہ جنگی کارروائیوں کے باعث کئی دنوں سے وادی غزہ کے شمال میں ’زندگی بچانے والی فوری ضرورت کی اشیا‘ نہیں پہنچ سک رہیں۔
اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ انٹونی بلنکن دورہ اسرائیل کے دورانغزہ میں انسانی امداد کی فوری رسائی پر حکام سے بات کریں گے۔

شیئر: