ملتان سے الیکشن لڑنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی این اے 150، این اے151 پی پی 218 سے اپیلیں مسترد ہو گئی ہیں۔
ملتان ایپلیٹ ٹریبیونل کے جج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے شاہ محمود قریشی اور ان کے اہل خانہ کے الیکشن لڑنے کے حوالے سے 9 اپیلوں پر سماعت کی۔
زین قریشی اور مہر بانو قریشی کی این اے 150، این اے 151 اور پی پی 218 سے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔
زین قریشی اور مہربانو قریشی کو پی پی 219 سے بھی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔
ریٹرننگ افسران نے شاہ محمود قریشی، زین قریشی اور مہربانو قریشی کے بیان حلفی اور شاہ محمود قریشی کے اصل دستخط نہ ہونے کی بنیاد پر کاغذات مسترد کیے تھے۔
صوبہ سندھ میں الیکشن ٹریبیونل نے شاہ محمود قریشی کو حلقہ این اے 214 تھر پارکر سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی۔
’حبا فواد چوہدری نے 9 بینک اکاؤنٹس اور تین غیرملکی دورے چھپائے تھے‘
راولپنڈی الیکشن ٹریبیونل نے سابق وفاقی وزیر کی اہلیہ حبا فواد چوہدری کے خلاف اعتراضات کو درست قرار دیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے حبا چوہدری کے غیرملکی دوروں اور سٹیٹ بینک نے اکاؤنٹس کا ریکارڈ الیکشن ٹریبیونل میں پیش کیا۔ تاہم حبا فواد چوہدری نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے لی ہے۔
الیکشن ٹریبیونل کے بیان میں کہا گیا کہ حبا فواد چوہدری نے 9 بینک اکاؤنٹس اور تین غیرملکی دورے چھپائے تھے۔
اہلیہ کے کاغذات نامزدگی اور نااہل ہونے پر فواد چوہدری کو 9 جنوری کو طلب کر لیا گیا ہے اور ان کا حلقہ این اے 60 اور 60 سے منظور شدہ کاغذات کا حکم نامہ واپس لے لیا گیا ہے۔
الیکشن ٹریبیونل نے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے کاغذات میں اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹس اثاثے اور غیر ملکی دورے چھپائے تھے۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کے فیصلوں میں چار دن باقی
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبیونلز میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے مسترد کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلوں کی سماعت جاری ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبیونلز میں اپیلوں کی تعداد زیادہ ہونے پر اتوار کو بھی اپیلوں پر سماعت جاری ہو گی۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کے فیصلوں میں چار دن باقی رہ گئے ہیں۔
شیڈول کے مطابق اپیلوں کی تعداد کو نمٹانے کے لیے مزید تین ججوں کو بطور الیکشن ایپلیٹ ٹریبیونل تعینات کر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر اپیلوں کی سماعت کے لیے ججز کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں الیکشن ٹریبیونلز کی سماعت
سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کی این اے 19 اور پی کے 50 کے لیے اپیل منظور کر لی گئی ہے۔
پشاور الیکشن ٹریبیونل نے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے شیر علی ارباب کی اپیل منظورکر لی ہے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی ہنگو کے صدر یوسف خان کی اپیل بھی منظور ہو گئی ہے۔