عمرے کا سفر ناقابل فراموش بن گیا : شاہی مہمانوں کے تاثرات
مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ تک ہمیں ہر طرح کی سہولت ملی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر آنے والے مہمانوں نے عمرہ کی ادائیگی، مسجد نبوی میں نماز اور مدینہ منورہ میں مذہبی و تاریخی مقامات کی زیارت کا موقع ملنے پر دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہی مہمانوں کا کہنا ہے’ تمام کام آسانی اور اطمینان سے ہوئے۔ زائرین کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات کا مشاہدہ خود کیا جو اچھا لگا۔‘
سومطرہ انڈونیشیا میں رادین فتاح یونیورسٹی کی سربراہ خدیجہ احمد رفاعی کا کہنا تھا ’ خادم حرمین شریفین حج و عمرہ پروگرام مسلمانان عالم کے درمیان اخوت، یکجہتی اور باہمی تعاون کی روشن مثال ہے۔ ‘
تھائی لینڈ کے محمد اسماعیل قاسم نے کہا کہ ’مسجد نبوی کا عظیم الشان توسیعی منصوبہ اچھا لگا۔‘
انہوں نے اپنی بھولی بسری یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا ’ ایک زمانہ تھا جب وہ مدینہ منورہ کی اسلامی یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔ اب بائیس برس بعد واپسی ہوئی ہے۔ ہمارا شاندار استقبال ہوا اور وہ تمام سہولتیں فراہم کی گئیں جو ایک زائر کے لیے خواب ہوتی ہیں۔‘
فلپائن کے محمد لطیف نے کہا کہ’ عمرے کا یہ سفر ناقابل فراموش بن گیا ہے۔ اس سے دل و دماغ پرخوشگوار اثر پڑا ہے۔‘
تھائی لینڈ کے زکریا حسن کا کہنا تھا کہ’ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ تک ہمیں ہر طرح کی سہولت ملی ہے۔‘