پی ایس ایل: اے آر وائی نے ایونٹ دکھانے کے حقوق حاصل کر لیے
پی سی بی کی جانب سے پریس ریلیز میں ٹی وی اور لائیو سٹریمنگ حقوق دکھانے کے لیے دی جانے والی رقم کو نہیں بتایا گیا (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے رواں برس اور آئندہ برس ہونے والے سیزن کے نشریاتی حقوق فروخت ہوگئے ہیں۔
بدھ کو جاری ہونے والی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پریس ریلیز کے مطابق پی ایس ایل کے دو سال کے نشریاتی حقوق فروخت ہوگئے ہیں۔
پی ایس ایل 25-2024 کے لیے آن لائن سٹریمنگ رائٹس کی فروخت میں 113 فیصد تک غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ٹی وی رائٹس میں 45 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
پی ایس ایل 25-2024 کے لیے پاکستان کے نجی میڈیا گروپ اے آر وائی نے ٹی وی رائٹس جیتے۔
اسی طرح اگلے دو برس کے لیے ڈیجیٹل رائٹس یعنی لائیو سٹریمنگ نشریات کے حقوق نجی گروپ ’ولی ٹیکنالوجیز‘ نے حاصل کر لیے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے پریس ریلیز میں ٹی وی اور لائیو سٹریمنگ حقوق دکھانے کے لیے دی جانے والی رقم کو نہیں بتایا گیا تاہم پاکستانی میڈیا کے مطابق نشریاتی حقوق کی یہ مجموعی رقم ساڑھے 6 سے 7 ارب روپے بنتی ہے۔
پی ایس ایل کے ٹی وی رائٹس کے لیے انڈیپینڈنٹ میڈیا کارپوریشن (جیو انٹرٹینمنٹ)، اے آر وائی کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹیڈ (اے آر وائی)، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن لمیٹڈ (پی ٹی وی) اور ٹاور سپورٹس (ٹین سپورٹس) نے حصہ لیا۔
اسی طرح پی ایس ایل کے ڈیجیٹل رائٹس کے لیے اے آر وائی کمیونیکیشنز (اے آر وائی، مائیکو، دراز اور تماشہ)، ولی ٹیکنالوجیز، ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای، انڈیپینڈینٹ میڈیا کارپوریشن (جیو انٹرٹینمنٹ) اور ٹاور سپورٹس (ٹین سپورٹس) نے حصہ لیا۔