Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور کینیڈا میں 5 برس بعد تجارتی تبادلے پراتفاق 

گزشتہ برس دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات بحال کیے گئے تھے(فوٹو، سبق ایکس)
سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت  فیڈریشن کے چیئرمین حسن الحویزی نے کہا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ اقتصادی تعاون اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کا معاملہ طے پاگیا ہے فریقین تجارتی وفود کے تبادلے اور 5 برس سے معطل کاروبار دوبارہ شروع کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق الحویزی نے کہا ہے کہ سعودی کینیڈین بزنس کونسل  کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے ہیں۔ 
الحویزی نے جمعرات کو سعودی عرب میں متعین کینیڈا کے سفیر اور سعودی کینیڈین بزنس کونسل کے چیئرمین سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی لین دین کا حجم بڑھانے نیز اقتصادی تعلقات میں پیشرفت کی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا۔ 
سعودی کینیڈین بزنس کونسل دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کو تجارتی سرگرمیاں رائج کرنے اور مشترکہ تجارت کے قیام کے لیے درکار معلومات فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں دونوں ملکوں کے تجارتی شعبوں کے درمیان  رابطے میں آسانی پیدا کرنے اور اقتصادی تعاون کے نئے شعبے کھولنے سے متعلق سہولتیں دے گی۔ 
 واضح رہے گزشتہ برس سعودی عرب اور کینڈا کے درمیان سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

شیئر: