پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی نشان ’بلا‘ نہ ملنے کے خدشے کے پیش نظر ’پلان بی‘ کا اعلان کر دیا ہے۔
سنیچر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ جن کے پاس ’تحریک انصاف نظریاتی‘ کے ٹکٹ ہیں وہ اپنے کاغذات نامزدگی فوری ریٹرننگ افسران کو جمع کروا دیں۔
پی ٹی آئی کے سرکاری اکاؤنٹ سے ہونے والی پوسٹ میں انتخابات 2024 کے حوالے سے پارٹی امیدواروں کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئیں۔
مزید پڑھیں
-
پی ٹی آئی کے کون کون سے بڑے نام ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے؟Node ID: 827156
خیال رہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان ’بلے‘ کی واپسی سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر الیکشن کمیشن کی درخواست پر سپریم کورٹ میں بھی سماعت جاری ہے۔
اس دوران بلے کا نشان ممکنہ طور پر واپس نہ ملنے کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی آئی نے ’پلان بی‘ کا اعلان کر دیا ہے جس میں تمام امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’تحریک انصاف نظریاتی‘ کے ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں جمع کرائیں اور اس کی وصولی کی رسید ضرور لیں۔
پارٹی کی جانب سے امیدواروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ٹکٹ جمع کرانے میں رکاوٹ پر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور سینٹرل الیکشن کمیشن کو شکایتی ای میل کریں۔
’کوئی ٹکٹ جمع نہیں کرتا یا جمع کروانے میں پولیس، آر او رکاوٹ ڈالتے ہیں تو فوری شکایت درج کرائیں۔‘
جن افراد کے پاس “تحریک انصاف نظریاتی” کے ٹکٹ ہیں وہ فوری طور پر جمع کروا دیں
اور کسی قسم کی رکاوٹ پر شکایات الیکشن کمیشن اور ہائی کورٹ میں لے کر جائیں
— PTI (@PTIofficial) January 13, 2024
اس حوالے سے پی ٹی آئی اور پارٹی کے سابق چیئرمین عمران خان کے ترجمان شعیب شاہین نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ان کی ’پاکستان تحریک انصاف نظریاتی‘ سے بات ہوگئی ہے اور تمام امیدواروں کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر بلا نہیں ملتا تو یہ ہمارا پلان بی ہوگا۔ بلا نہیں تو بلے باز ہی ہمارا انتخابی نشان ہوگا۔‘
شعیب شاہین نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’پاکستان تحریک انصاف نے تمام قومی و صوبائی امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کر دیے ہیں۔ تمام امیدوار تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر میں جمع کروائیں۔‘
پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین کون ہیں؟
پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے اُردو نیوز کے ساتھ مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فی الحال اس موضوع پر بات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے پلان بی کی تصدیق یا تردید سے متعلق بات کرنے سے گریز کیا۔
بریکنگ نیوز
پاکستان تحریک انصاف نے تمام قومی و صوبائی امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جار ی کر دئیے۔
تمام امیدواران تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس آر اوز اور ڈی آروزکے دفاتر میں جمع کروائیں
— Muhammad Shoaib Shaheen (@advshoaib66) January 13, 2024
پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نظریاتی (پی ٹی آئی این) کے چیئرمین اختر اقبال 2012 میں پی ٹی آئی سے علیحدہ ہو گئے تھے جس کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی نظریاتی کی بنیاد رکھی۔ پی ٹی آئی نظریاتی الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے جسے الیکشن کمیشن نے باقاعدہ ’بلے باز‘ کا انتخابی نشان الاٹ کیا ہے۔
اس وقت اختر اقبال ڈار پی ٹی آئی این کے چیئرمین ہیں اور ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کے سینڑل میڈیا کمیٹی کے ممبر رہے ہیں۔ 2012 میں اختر اقبال ڈار نے الزام عائد کیا تھا کہ اس وقت کے پارٹی چیئرمین عمران خان نے اُن کو نظر انداز کیا ہے۔
سال 2012 میں پی ٹی آئی چھوڑنے اور نئی پارٹی کی بنیاد رکھنے کا اعلان اختر اقبال نے لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ اپنی پریس کانفرنس میں اختر اقبال ڈار نے دعویٰ کیا تھا کہ ’نئی نسل پی ٹی آئی کو تبدیلی کی علامت کے طور پر دیکھتی تھی لیکن یہ پارٹی اب مخدوموں، لغاریوں اور وڈیروں سمیت لٹیروں کی جماعت بن گئی ہے۔‘
ایک دعوے کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنے امیدواروں کو ایک ایک ٹکٹ اضافی بطور پلان بی دے رکھا تھا۔ اس وقت پارٹی امیدوار ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں پی ٹی آئی این کے ٹکٹس جمع کروا رہے ہیں۔
![](/sites/default/files/pictures/January/36486/2024/whatsapp_image_2024-01-13_at_16.40.40.jpeg)