ٹریول فوبیا کے شکار افراد میں دل گھبرانا جیسی دیگر جسمانی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ (فوٹو: فری پک)
بعض لوگ سفر سے پہلے ہی سفر کی پریشانی میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ اس کیفیت کو ’ٹریول فوبیا‘ بھی کہا جا سکتا ہے۔
ایسے افراد کو جب کبھی سفر کرنا ہوتا ہے تو وہ گھر سے نکلنے سے قبل کافی الجھنوں میں گھر جاتے ہیں اور اسی شش و پنچ میں مبتلا رہتے ہیں کہ کیا کریں اور کیا نہ کریں۔
خوف کے اسباب
سیدتی میگزین کے مطابق ٹریویل فوبیا کے حوالے سے ماہرین کہتے ہیں کہ اس کی دو بنیادی وجوہات ہوتی ہیں۔
ایک وجہ ماضی میں خراب تجربے کی ہے۔ بعض افراد کو کبھی سفر میں ایسا تجربہ ہوتا ہے جو ان کے ذہن پر نقش ہو جاتا ہے۔ اسی لیے انہیں ہمیشہ یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کہیں وہ حالات دوبارہ رونما نہ ہو جائیں۔ جیسے کسی قسم کی وبا کا پھوٹ پڑنا جو سفر میں مشکلات کا باعث بنی ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جو افراد ٹریول فوبیا کا شکار ہیں، ان میں بعض جسمانی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ جیسے کہ چکر آنا، دل گھبرانا، سر درد یا متلی کا احساس ہونا، سینے میں درد کا احساس ہونا یا پھر دل کی دھڑکن کا تیز ہو جانا۔
ان کے علاوہ دیگر علامات بھی ہو سکتی ہیں، جیسے منزل کے حوالے سے پریشانی، جس ملک یا شہر جانا ہو وہاں کی زبان سے نابلد ہونے کی تشویش، گھر کو خالی چھوڑنے کی فکر، مالی طور پر مستحکم نہ ہونے کی صورت میں احساس کمتری۔
سفر کے خوف سے کیسے نمٹیں؟
اس حوالے سے ذیل میں بعض نکات بیان کیے گئے ہیں جن پر عمل کر کے اپنی پریشان کن سوچوں کو مثبت کیا جا سکتا ہے۔
۔ جس مقام یا ملک کا سفر کرنا مقصود ہو اس کے بارے میں پہلے سے ہی معلومات حاصل کر لی جائیں بالخصوص وہاں کے قوانین اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں۔
۔ اپنے ذہن کو یہ یقین دلائیں کہ دوران سفر کوئی پریشانی نہیں ہو گی۔
۔ خود کو ریلیکس رکھنے کے لیے سانس کی مشقیں کریں۔
۔ اگر ہو سکے تو کسی گروپ یا دوست کے ساتھ سفر کرنے کو ترجیح دیں۔
ٹریول فوبیا کا علاج اور اس کے طریقے
ٹریول فوبیا کے شکار افراد کو چاہیے کہ وہ کسی ماہر نفسیات سے رجوع کر کے اپنی کیفیت کے بارے میں تفصیل سے بات کریں اور ان تمام پریشانیوں کا ذکر کریں جن کا سامنا رہتا ہے۔
تھراپی: اس کے ذریعے بتدریج آپ کو اس فوبیا سے نجات مل سکتی ہے۔
سلوک تھراپی: اسے ’سی بی ٹی‘ بھی کہا جاتا ہے جس میں معالج اپنے رویے اور باتوں سے یہ خوف آپ کے لاشعور سے نکال دیتا ہے۔
آنکھوں کی حرکات: اسے عام طور پر نفسیاتی ماہرین کی لغت میں ’ای ایم ڈی آر‘ کہا جاتا ہے جس کے ذریعے موثر طریقے سے آنکھوں کی حرکت پر قابو پانے کی مشق کرائی جاتی ہے۔
خوف کو دور کرنے کے دیگر طریقے
ماہرین کے مطابق ٹریول فوبیا کو دورے کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اپنے قریبی شہر یا علاقے کا سفر کریں جو تھوڑے عرصے کا ہو۔
۔ اپنے سفر کے لیے پُرفضا مقام کا تعین کریں۔
۔ سفر سے قبل اپنی منزل کا تعین کریں اور اس کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں۔
۔ فضائی سفر کے لیے براہ راست پرواز کا انتخاب کریں۔
سفر پر جانے سے قبل ان مقامات کے بارے میں پوری طرح معلومات حاصل کر لیں جیسے وہاں کی تفریحی جگہیں اور سفری وسائل جہاز، ٹرین یا بحری جہاز وغیرہ کہ کیا کیا سہولیات موجود ہیں۔
سفر سے قبل پُرسکون رہیں اور کوشش کریں کہ جسم کو نم رکھنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ کریں۔