Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی سی کیمروں کا ریکارڈ ضائع کرنے پر پانچ ہزار ریال جرمانہ

قانون میں ادارے اور افراد دونوں کے حوالے سے سزا مقرر ہے
سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ ’سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ ضائع کرنے پر پانچ ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔‘ 
سبق ویب کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا’ مقررہ قانون کے مطابق سی سی کیمروں کا ریکارڈ متعینہ مدت تک محفوظ رکھنا قانونی ضرورت ہے۔ اس کی خلاف ورزی پر پانچ ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔‘ 
بیان میں کہا گیا’سی سی کیمروں کے استعمال کے قانون میں ادارے اور افراد دونوں کے حوالے سے سزا مقرر ہے۔‘ 
وزارت داخلہ نے کہا ’ جو شخص سی سی کیمروں کا ریکارڈ خلاف قانون طریقے سے منتقل کرے گا، شائع کرے گا، سی سی کیمروں کے سسٹم کو تلف کرے گا یا اس کے ریکارڈ کو نقصان پہنچائے  گا اس پر 20 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔‘ 
’ قانون میں  سی سی کیمروں کو موثر کرنے کے حوالے سے کی جانے والی خلاف ورزیوں اور ان پر جرمانوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔‘  
مقررہ  تیکنیکی خصوصیات کی فی سی سی کیمرہ خلاف ورزی کا جرمانہ 500 ریال مقرر ہے جبکہ مقررہ ضوابط کے مطابق سی سی کیمرے نصب نہ کرنے پر فی کیمرہ ایک ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔
وزارت کے مطابق ’ممنوعہ مقامات پر سی سی کیمرہ نصب  کرنے پر فی کیمرہ دس ہزار ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔‘ 
’ جرمانے کی سزا کے خلاف متعلقہ شخص جرمانے کی اطلاع ملنے کے 60 روز کے اندر محکمہ جاتی عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔‘ 

شیئر: