عمرہ زائرین کے لیے مفت پارکنگ، مسجد الحرام میں 2500 سی سی ٹی وی کیمرے
عمرہ زائرین کے لیے اجازت نامے کا حصول ضروری ہے ( فوٹو سبق)
سعودی عرب مں ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ رمضان میں مملکت کے مختلف شہروں سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کی سہولت کے لیے فراہم کی جانے والی پارکنگ کی کوئی فیس نہیں ہے۔
پارکنگ کی سہولت مفت فراہم کی جاتی ہے تاہم ’توکلنا‘ یا ’اعتمرنا‘ ایپ پرعمرہ پرمٹ کا حصول لازمی ہے۔ پرمٹ کے بغیر کوئی شخص احرام میں مکہ مکرمہ نہیں جا سکتا۔
سبق نیوز نے ادارہ ٹریفک کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں کہا ہے کہ وہ افراد جو مملکت کے مختلف شہروں سے عمرہ کی غرض سے مکہ مکرمہ آتے ہیں اور انہوں نے اپنی گاڑی کی پارکنگ لاٹس مخصوص کیے ہیں جن کا ثبوت بارکوڈ کی صورت میں ان کے پاس موجود ہے, انہیں گاڑی کے ساتھ جانے کی اجازت ہے۔
تاہم وہ افراد جن کے پاس پارکنگ بکنگ کا ثبوت نہیں ان کےلیے شہر کے داخلی راستوں پر مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں وہ اپنی گاڑی پارک کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے مسجد الحرام جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب عمرہ سکیورٹی فورس کے سربراہ کرنل طارق الغبان نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام کے اندر اور بیرونی صحنوں میں ہجوم کو کنٹرول کرنے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔‘
سربراہ عمرہ سکیورٹی فورس نے بتایا کہ ’مسجد الحرام اور بیرونی صحنوں میں 2500 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جن کے ذریعے مانیٹرنگ کا سسٹم کام کرتا ہے۔‘
کرنل طارق الغبان نے عمرہ زائرین کے لیے تین پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بھی شخص جو عمرہ کی نیت سے مکہ مکرمہ آنا چاہتا ہو اس کےلیے لازمی ہے کہ وہ عمرہ پرمٹ حاصل کرے۔‘
مسجد الحرام میں موجودگی کے وقت احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کیا جائے۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار زائرین کی خدمت کےلیے مقرر ہیں ان کے ساتھ تعاون کریں۔