امیر کویت سے سعودی وزیر مملکت کی ملاقات
سعودی قیادت کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات امیر کویت کو دیے (فوٹو: ایس پی اے)
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے منگل کو قصر بیان میں سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد اور ہمراہ وفد نے ملاقات کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق شہزادہ ترکی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات امیر کویت کو دیے۔
امیر کویت نے شہزادہ ترکی بن محمد کو نیک خواہشات پر مشتمل خیر سگالی کا جوابی پیغام حوالے کیے۔
شہزادہ ترکی بن فہد نے امیر کویت کو منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اور ان کے لیے مکمل صحت وعافیت کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں برادرانہ ماحول میں بات چیت کے دوران دونوں برادر ملکوں کےمستحکم تعلقات اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کی جانب سے کویت میں متعین سفیر شہزادہ سلطان بن سعد بن خالد اور شہزادہ ترکی کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل حمد بن سلیمان السلیم جبکہ کویت کی جانب سے متعدد عہدیدار موجود تھے۔