’انٹر میامی‘ میسی کی قیادت میں سعودی عرب پہنچ گئی، ’الہلال‘ اور ’النصر‘ کلب سے مقابلہ ہو گا
’انٹر میامی‘ میسی کی قیادت میں سعودی عرب پہنچ گئی، ’الہلال‘ اور ’النصر‘ کلب سے مقابلہ ہو گا
جمعہ 26 جنوری 2024 16:26
انٹر میامی کا مقابلہ پیر کو ہلال اور جمعرات کو نصر سے ہو گا (فوٹو: عرب نیوز)
سٹار فٹ بالر لیونل میسی امریکی ٹیم انٹر میامی کے کھلاڑیوں کے ہمراہ ریاض سیزن کپ میں ہلال اور نصر کے خلاف میچ کھیلنے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق میسی اور ان کے ساتھیوں کے ریاض پہنچنے کی تصاویر جمعے کی صبح سوشل میڈیا پر سامنے آئیں، جن کے ساتھ ایک ویڈیو بھی تھی جس میں کلب کی جانب سے کنگ خالد ایئرپورٹ پر انہیں پھولوں کے ہار پہنائے جا رہے ہیں۔
میامی کا مقابلہ پیر کو ہلال اور جمعرات کو نصر سے ہو گا، ان میں سے ایک میچ ایسا بھی ہے جس کو ’دی لاسٹ ڈانس‘ قرار دیا جا رہا ہے جس میں میسی اور کرسٹیانو رونالڈ آمنے سامنے ہوں گے۔
لیونل میسی جنہوں نے جون میں انٹر میامی میں شمولیت اختیار کی تھی، کو دنیا کے سلجھے اور منجھے ہوئے فٹ بالرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 2022 کے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور اپنے 800ویں میچ میں حال ہی میں ارجنٹائن کے خلاف 100واں گول سکور کیا ہے۔
میامی کے کھلاڑی ایم ایل ایس سیزن میں 21 فروری کو سالٹ لیک سٹی کے خلاف میچ سے قبل دنیا کے دورے پر نکلے ہیں۔
19 جنوری کو نصر میڈیکل سٹاف کا کہنا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو انجری کے باعث دو ہفتے باہر رہیں گے، جس کے باعث چین میں ہونے والا ایک ایونٹ بھی منسوخ کیا گیا۔
اس حوالے سے رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’فٹ بال میں کچھ چیزوں کو آپ کنٹرول نہیں کر سکتے اور آپ جانتے ہیں کہ میں نے 23 سال فٹ بال کھیلی ہے، بدقسمتی سے مجھے کچھ مسائل کا سامنا ہے۔‘
رونالڈو نے 2022 میں نصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی، جس کے بعد کئی بڑے ناموں نے سعودی پرو لیگ کو جوائن کیا ہے جن کا تعلق یورپ کی ٹاپ لیگز سے ہے۔
سعودی عرب کے سپورٹس کے حکام سعودی پرو لیگ کو بین الاقوامی ٹاپ لیگز میں شامل کرانے کے لیے کوشاں ہیں اور اس کے لیے فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
تاہم پرتگالی سٹار رونالڈو کے مطابق ‘سعودی پرو لیگ فرانس کی ٹاپ لیگ، لیگ ون سے بہتر ہے۔‘
پچھلے ہفتے دبئی میں گلوب سوکر ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ہم فرانس کی لیگ سے بہتر ہیں مگر اب بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔‘