امریکہ عالمی طاقت ہے، پی ٹی آئی حکومت نے جھوٹے الزامات لگائے: شہباز شریف
امریکہ عالمی طاقت ہے، پی ٹی آئی حکومت نے جھوٹے الزامات لگائے: شہباز شریف
جمعہ 26 جنوری 2024 18:43
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
شہباز شریف نے کہا ’افغانستان کو بتائیں گے کہ پاکستان میں دہشت گردی اُن کے ملک سے ہوتی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے امریکہ کے ساتھ خوامخواہ کی لڑائی مول لی اور اس پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔
جمعے کو لاہور میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’امریکہ ایک عالمی طاقت ہے، جسے سب کو ماننا چاہیے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ اُنہوں نے بطور وزیراعظم اِس معاملے کو دیکھا اور نیشنل سکیورٹی کی میٹنگ میں اُنہیں بتایا گیا کہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کے دور میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کا جنازہ نکالا گیا اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات زمین بوس ہو گئے تھے جنہیں سب نے مل کر ٹھیک کیا۔‘
’یہ تأثر درست ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت کا حصہ بننے سے ن لیگ کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے۔ حکومت کا حصہ بننے کا فیصلہ پاکستان کی بہتری کے لیے کیا تاکہ ملک دیوالیہ نہ ہو۔‘
اس سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ ’اگر ن لیگ کی حکومت بنی تو کسی سے سیاسی انتقام نہیں لیا جائے گا مگر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کے سابقہ دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، یہ رواج دوبارہ عمران خان نے شروع کیا اور وہ فسطائیت کا دور تھا۔‘
’سادہ اکثریت وقت کی ضرورت ہے‘
صدر مسلم لیگ ن نے الیکشن کے حوالے سے کہا کہ ’صاف شفاف انتخابات کے بغیر ملک کا پہیہ نہیں چل سکتا۔ سادہ اکثریت وقت کی ضرورت ہے اور جسے اکثریت ملے وہ عوام کے مینڈیٹ کا خیال رکھے۔‘
ماضی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ اپنائے ہوئے تھے اور عوامی جلسوں میں کہا کرتے کہ ’ووٹ کو عزت دو۔‘
’پچھلے الیکشن میں ٹھپے لگائے گئے‘
سنہ 2018 کے عام انتخابات پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اُس وقت ایک منصوبے کے تحت رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کو بٹھایا گیا گیا، آر ٹی ایس سسٹم بیٹھنے کے باوجود ن لیگ جیت چکی تھی، مگر اس کے بعد پولنگ سٹیشنوں سے پولنگ ایجنٹوں کو نکال کر ٹھپے لگائے گئے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی عمل سے باہر ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج جو لیول پلیئنگ فیلڈ کی باتیں کر رہے ہیں اُن کے دور میں نیب نے نواز شریف کی مسلسل 100 پیشیاں کیں اور اُس کے باوجود اُن کی ضمانت نہں ہوئی۔ اُنہیں، نواز شریف مریم نواز اور پارٹی کی دیگر قیادت کو گرفتار کیا گیا۔‘
’ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات قائم کریں گے‘
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’اگر نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو وہ ہمسایہ ممالک سے امن کی بنیاد پر اچھے تعلقات قائم کریں گے۔ افغانستان کو بتائیں گے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اُن کے ملک سے ہوتی ہے۔ افغانستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے ختم کرے۔‘
پاکستان میں عام انتخابات میں محض دو ہفتوں کا وقت رہ گیا ہے اور ابھی تک پاکستان مسلم لیگ ن اپنے منشور کا اعلان نہیں کیا ہے۔ اِس سوال کا جواب دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’اقبال ہمیشہ دیر سے آتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ن لیگ کے منشور میں پہلے نمبر پر ملک کی نوجوان نسل کی جدید تعلیم، تربیت اور اُنہیں بااختیار بنانا، دوسرے نمبر پر زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور تیسرے نمبر پر پاکستان بھر میں شمسی توانائی کو عام کرنا شامل ہے۔
جمعرات کی شام مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ ’پارٹی منشور تیار کر لیا گیا ہے جس کی تفصیلات سنیچر کو ماڈل ٹاؤن لاہور میں ایک نیوز کانفرنس میں ن لیگ کے قائد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز بتائیں گے۔‘