شہزادی ریما بنت بندر کے لیے ’گلوبل ویمنز چیمپیئن‘ کا ایوارڈ
شہزادی ریما بنت بندر ورلڈ اکنامک فورم میں سعودی وفد میں شامل تھیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے بین الاقوامی سفارتکاری میں ’گلوبل ویمنز چیمپیئن‘ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
ریما بنت بندر نے اپنے آفیشل انسٹا گرام پیج پر ڈیوس میں شرکا کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کیں۔
ریما بنت بندر نے لکھا کہ ’مجھے گزشتہ ہفتے ڈیوس میں بین الاقوامی سفارتکاری میں ’گلوبل ویمنز چیمپیئن‘ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں سے ایک ہونے کا اعزاز ملا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے ان خواتین لیڈرز کے ساتھ دو حیرت انگیز سیشنز میں بات کرنے کا موقع ملا جو ایک مساوی مستقبل کا تصور کر رہی ہیں۔‘
یاد رہے کہ ڈیوس میں 15 سے 19 جنوری تک جاری رہنے والے ورلڈ اکنامک فورم میں سعودی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔
سعودی وفد میں امریکہ میں متعین سفیر شہزادی ریما بنت بندر، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر مملکت برائے امور خارجہ و رکن کابینہ و ماحولیاتی امور کے ایلچی عادل الجبیر، وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح، وزیر خزانہ محمد الجدعان، وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئر عبداللہ السواحہ، وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف اور وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی فیصل الابراہیم شامل تھے۔
سعودی وفد نے ڈیوس فورم میں شرکت کے دوران حالیہ اہم ترین چیلنجوں اور بین الاقوامی تعاون کے استحکام کے ذریعے انہیں حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔