’عازمین حج کی رہائش کے لیے 4 ہزار پرمٹ جاری کرنے کا ہدف‘
5 لاکھ کمروں میں 20 لاکھ عازمین حج رہائش اختیار کریں گے (فوٹو: عرب نیوز)
مکہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے کہا ہے کہ ’عازمین حج کی رہائش کے لیے 4 ہزار پرمٹ جاری کرنے کا ہدف متعین کیا ہے۔‘
عاجل نیوز کے مطابق ترجمان میونسپلٹی نے مکہ میں عازمین کی رہائش کے حوالے سے بتایا کہ ’جن عمارتوں کو عازمین کی رہائش کے لیے منظور کیا جائے گا ان کے مجموعی کمروں کی تعداد 5 لاکھ ہو گی جس میں 20 لاکھ عازمین حج سیزن میں رہائش اختیار کریں گے۔‘
الاخباریہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ ہماری کوشش ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال کمروں میں بھی اضافہ کیا جائے۔‘
ان کہنا تھا ’ اب تک جن عمارتوں کو پرمٹ جاری کیے جاچکے ہیں ان کی تعداد ڈیرھ لاکھ کے قریب ہے ۔ مزید عمارتوں کی جانچ کا عمل جاری ہے جو رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔‘
واضح رہے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے لیے جو رہائشی عمارتیں حاصل کی جاتی ہیں ان کے لیے باقاعدہ سالانہ بنیاد پر پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔
وہ عمارتیں جو مقررہ معیار کے مطابق نہیں ہوتیں ان کے لیے پرمٹ جاری نہیں کیے جاتے۔ پرمٹ کے اجرا کے لیے بلدیہ اور شہری دفاع کی مقررہ شرائط کو پورا کرنا ضروری ہوتا ہے۔