شاہی ضیافت میں عمرہ زائرین کا دوسرا گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا
پندرہ ممالک سے خواتین سمیت 250 مسلم شخصیات شامل ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین کی ضیافت میں عمرہ زائرین کا دوسرا گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق گروپ میں جنوبی امریکہ اور یورپ کے پندرہ ممالک سے 250 مسلم شخصیات شامل ہیں ان میں خواتین بھی ہیں۔
شاہی ضیافت میں عمرہ کرنے والوں کا تعلق بوسنیا، البانیا، کوسووا، مقدونیہ، کروشیا، سلوانیا، مونٹینگرو، سربیا، یونان، بلغاریہ، رومانیہ، پولینڈ، برطانیہ، برازیل اور ارجنٹائن سے ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیزعمرہ و زیارت پروگرام 2024 کے تحت دوسری کھیپ مدینہ پہنچی ہے۔
مہمان زائرین نے مدینہ منورہ پہنچنے پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی بدولت ہمیں عمرہ اور مدینہ منورہ کی زیارت نصیب ہورہی ہے۔
شاہی ضیافت میں عمرہ و زیارت پروگرام اسلام اور اس کے پیرو کاروں کی خدمت کا حصہ ہے۔
یاد رہے وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے شاہی مہمانوں کے حوالے سے خصوصی پروگرام بنایا ہوا ہے۔
اس کے تحت انہیں مسجد نبوی، مسجد قبا اور مدینہ منورہ کے تاریخی مقامات دکھائے جائیں گے۔ مدینہ سے وہ مکہ مکرمہ پہنچ کرعمرہ ادا کریں گے اور وہاں تاریخی مقامات دیکھیں گے۔