Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا نئی کمپنی ’الات‘ کے قیام کا اعلان

نئی کمپنی سے براہ راست 39 ہزار ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ایک اورکمپنی ’ آلات‘ کے قیام کی منظوری جاری کردی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی ہیں۔
نئی قائم کی گئی کمپنی ’الات‘ الیکٹرانکس اور جدید صنعتوں کا اہم ادارہ ہوگا۔ نئی کمپنی سے براہ راست 39 ہزار ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے۔
جبکہ اس سے سال 2030 تک تیل کے ماسوا مجموعی پیداوار میں اس کا براہ راست حصہ 35 بلین ریال تک پہنچ جائے گا۔
لانچ کی جانے والی نئی کمپنی ’آلات‘ کے تحت مملکت میں صاف توانائی کی پیداوار پر توجہ دی جائے گی ۔ 2060 تک کاربن نیوٹرل اہداف تک پہچنے کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے پائیدار مینوفیکچرنگ حل فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔
نئی قائم کی جانے والی کمپنی سے مملکت میں جدت طرازی اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ صنعتی اور الیکٹرانکس کے شعبوں میں بھی مقامی سطح پر ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
’الات‘ کمپنی کا قیام پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی حکمت عملی کے مطابق ہے جس سے بین الاقوامی صنعتی کمپنیوں کو مملکت کی معیشت اور یہاں کے منفرد جغرافیائی محل وقوع اور تکنیکی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے۔
علاوہ ازیں مختلف صنعتوں اور دیگر ترجیحی شعبوں سے متعلق امور کے حوالے سے مقامی سطح پر بھی مزید بہتری آئے گی۔ اس کا مقصد مملکت کی معیشت کو متنوع بنانا اور پائیدار ترقی حاصل کرنا ہے جو سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔

شیئر: