Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گزشتہ برس بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگیوں میں اضافہ ہوا، ساما

مملکت میں کرنسی فری کی پالیسی پر تیزی سے عمل کیا جارہا ہے(فوٹو، ایکس )
سعودی مرکزی بینک ’ساما‘ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس مملکت میں بینک کارڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک برس کے دوران 15 ارب ریال کی ادائیگیاں ریکارڈ کی گئیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’ساما‘ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس 2023 کے دوران ’مدی ‘ کارڈز کے ذریعے 87 کروڑ 37 لاکھ 42 ہزار 893  ادائیگیاں کی گئیں۔
سالانہ کی بنیاد پر گزشتہ برس ادائیگیوں کے تناسب میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ سال 2022 کے دوران بینک ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے 12 ارب ریال سے زائد ادائیگیاں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
ساما کی جانب سے جاری تفصیلی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران کی جانے والی ادائیگیوں کے اعداد وشمار کے مطابق سال 2019 میں 10 ارب سے زیادہ رہی جبکہ اس حوالے سے خریداری کی کارروائیاں 38 کروڑ سے زائد تھیں۔
واضح رہے سعودی عرب میں کرنسی فری پالیسی پر عمل درآمد کیا جارہا ہے اس ضمن میں وزارت تجارت کی جانب سے مرحلہ وار ڈیجیٹل بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے قانون کو لاگو کیا گیا ہے۔
بینک کارڈ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیوں کے لیے تمام دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم کو لازمی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی ریکارڈ کی جائے گی۔

شیئر: