Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں سنیچر تک موسم غیر معمولی رہے گا

مکہ ریجن ممیں جمعرات تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے متعدد ریجنز میں سنیچر تک موسم غیرمعمولی  رہے گا۔
  مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر، جازان، الباحہ، تبوک، الجوف، حائل، حدود شمالیہ، قصیم، ریاض اور الشرقیہ میں کہیں بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
قومی مرکز کے ماہر موسمیات عقیل العقیل نے الاخباریہ چینل کے  پروگرام ’النھار‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی طائف اور میسان شہر میں درمیانے جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔
 بدھ سے جمعے تک ریاض کے بعض علاقے  بارش کی زد میں رہیں گے ۔ جمعرات کی شام سے جمعے تک جبل اللوز پر ہلکی برفباری کی توقعات ہیں۔
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعے تک عسیر، جازان ریجن میں درمیانے درجے تک کی بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
مرکز کا کہنا ہے کہ الباحہ میں بدھ تک بارش شدید ہوگی۔  جمعرات اور جمعے کو بارش درمیانے درجے تک ہونے کی توقع ہے۔ دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور موسم کی تبدیلی کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی مکہ ریجن میں جمعرات تک بارش کی پیشگوئی کے بعد شہری دفاع نے کہا ہے کہ  مکہ ریجن کے علاقے جدہ، رابغ، خلیص اور القنفذہ میں جمعرات تک ہلکی اوردرمیانے درجے کی بارش کے حوالے سے لوگ احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور نشیبی مقامات اور سیلابی ریلے کی گزرگاہوں سے دور رہیں۔
محکمہ شہری دفاع نے مزید کہا ہے کہ قومی مرکزبرائے موسمیات نے سنیچر تک مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش، گردو غبار اور ہلکی برفباری کا امکانات ظاہر کیے ہیں لہذا ان تمام علاقوں کے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسم  کے حوالے سے سرکاری ذرائع سے جاری خبروں پر نظر رکھیں۔
شہری دفاع نے مملکت کے مختلف علاقوں میں خراب موسمی حالات کے پیش نظر لوگوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے  آگاہ کرنے کا اہتمام کیا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: