Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکس تاحال بند: ’پاکستان ٹوئٹر لوڈ شیڈنگ متعارف کروانے والا پہلا ملک‘

پاکستان میں ایکس سروس کو بند ہوئے تقریباً چار دن ہو گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گزشتہ چار دن سے بند ایکس (سابق ٹوئٹر) کی سروس وقتی طور پر بحالی کے بعد دوبارہ متاثر ہو گئی ہے۔
انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کی بندش کو مانیٹر کرنے والی سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان میں سنیچر کی رات کو تقریباً نو بجے ایکس کی سروس بند ہو گئی تھی۔
اتوار اور پیر کے روز ایکس کی سروس کچھ وقت کے لیے بحال ہوئی مگر کچھ ہی دیر میں دوبارہ متاثر ہو گئی تھی۔ سروس متاثر ہونے کے بعد صارفین ایکس استعمال نہیں کر پا رہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر تاحال صارفین ایکس کی بندش بارے رپورٹ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

ایک اور ویب سائٹ ’ڈاؤن فار ایوری ون اور جسٹ می‘ پر بھی پاکستان سے ایکس کی بندش پر رپورٹس موصول ہو رہی ہیں۔

ایکس کی بندش کے بعد انٹرنیٹ صارفین وی پی این کے ذریعے سروس تک رسائی حاصل کر رہے ہیں اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر خوب تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
اینی نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پاکستان میں ٹوئٹر ابھی تک ڈاؤن ہے، بہت شرم کی بات ہے کہ لوگوں سے حقیقت چھپائی جا رہی ہے کہ کیا ہونے والا ہے۔‘

ایک اور اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ’پاکستان ٹوئٹر کی لوڈ شیڈنگ متعارف کروانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔‘

وی پی این کے استعمال کے حوالے سے رینٹ کرافٹس نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں ملیر میں بیٹھ کر امریکہ سے ایکس پر پوسٹ کر رہا ہوں۔‘

دوسری جانب ایکس بندش کے دوران وی پی این کے بڑھتے استعمال کو ایک صارف نے ایسے بیان کیا۔

واضح رہے سنیچر کو کمشنر راولپنڈی کی پریس کانفرنس کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر ’انتخابی دھاندلی‘ کا موضوع سب سے زیادہ ٹرینڈ کرتا رہا۔
الیکشن کمیشن اور پنجاب کی نگراں حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا بھی اعلان کیا۔
پاکستان میں رواں مہینے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران بھی ملک بھر میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی جس کے بعد نگراں وزیر داخلہ اعجاز گوہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’دہشت گردی کے خطرات کی وجہ سے سروس کو بند کیا گیا۔‘

شیئر: