Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹوئٹر مفلوج‘، تیسرے دن بھی پاکستان میں ’ایکس‘ تک رسائی میں مشکل

سنیچر کی رات کو تقریباً نو بجے ایکس کی سروس بند ہو گئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں آج تیسرے دن بھی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ڈاؤن ہے جس سے لاکھوں صارفین کو سوشل میڈیا کی ویب سائٹ تک رسائی میں مشکل پیش آ رہی ہے۔
اتوار کی طرح آج بھی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس سلسلے میں تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کی بندش کو رپورٹ کرنے والی سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان میں صارفین ممکنہ مسائل کے بارے میں رپورٹ کر رہے ہیں۔
پاکستان میں سنیچر کی رات کو تقریباً نو بجے ایکس کی سروس بند ہو گئی تھی۔
سروس متاثر ہونے کے بعد سے صارفین ایکس پر کوئی بھی مواد نہیں دیکھ پا رہے ہیں اور نہ ہی کچھ پوسٹ کر سکتے ہیں۔
تاہم ایسے صارفین بھی ہیں جو ایکس تک رسائی کے لیے وی پی این کا استعمال کر رہے ہیں۔
پاکستان میں ڈیجیٹل حقوق کی سرکردہ کارکن نگہت داد کا کہنا ہے کہ یہ اقدام لوگوں کی شہری آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ جمہوریت کے لیے اچھا نہیں۔ انٹرنیٹ یا کسی مخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش سے ملک میں غلط معلومات یا سکیورٹی کے مسائل سے نمٹنے میں مدد نہیں ملے گی۔
نوید بلال بھٹی نامی صرف نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’پوچھنا یہ تھا کہ ٹوئٹر کو پاکستان میں مفلوج کر کے کون سے ہدف حاصل کیے جارہے ہیں؟‘

سوشل میڈیا صارف پاکستان ویدر ڈاٹ کام نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ٹوئٹر تاحال ڈاؤن ہے۔

پاکستان میں رواں مہینے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران بھی ملک بھر میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی جس کے بعد نگراں وزیر داخلہ اعجاز گوہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’دہشت گردی کے خطرات کی وجہ سے سروس کو بند کیا گیا۔‘
پاکستان میں سیاسی تناؤ اور غیر یقینی صورتحال میں سنیچر کو اس وقت اضافہ ہوا جب ایک بیوروکریٹ نے پریس کانفرنس میں اپنے انتظامی اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے 13 قومی اور 26 صوبائی حلقوں کے انتخابی نتائج میں ردوبدل کا اعتراف کیا۔
 

شیئر: