Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20: ایڈم زیمپا کی عمدہ بولنگ، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 102 رنز پر ڈھیر

175 رنز کے ہدف کے جواب میں کیویز کی پوری ٹیم 17 اوورز میں 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی۔
جمعے کو آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد آسٹریلیا کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 45، پیٹ کمنز نے 28 اور کپتان مِچل مارش نے 26 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے لوکی فرگوسن نے چار جبکہ ایڈم مِلن اور مچل سینٹنر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 175 رنز کے ہدف کے جواب میں کیویز کی پوری ٹیم 17 اوورز میں 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ٹرینٹ بولٹ 16 اور جوش کلارکسن صرف 10 رن بنا پائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زیمپا نے 4، نیتھن ایلس نے دو جبکہ پیٹ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
 
یہ میچ جیتنے کے بعد آسٹریلیا نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری  میچ اتوار کو آکلینڈ میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: