Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف گلوکار پنکج ادھاس 73 برس کی عمر چل بسے

پورے کیریئر کے دوران پنکج ادھاس کو موسیقی کی دنیا میں خدمات کے عوض کئی ایوارڈز ملے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے معروف غزل گائیک پنکج ادھاس طویل علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں چل بسے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل زی نیوز کے مطابق پنکج ادھاس کی بیٹی نایاب ادھاس نے اپنے والد کے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کے والد طویل علالت کے بعد پیر کو چل بسے ہیں۔
اس خبر کی تصدیق نایاب ادھاس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام  پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کی۔
نایاب ادھاس لکھتی ہیں کہ ’نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جا رہی ہے کہ پنکج ادھاس طویل علالت کے بعد 26 فروری کو انتقال کر گئے ہیں۔‘
پنکج ادھاس کا غزل کیریئر کئی دہائیوں پر محیط تھا اور انہیں اپنی خوبصورت اور میٹھی آواز کے باعث دنیا بھر میں شہرت حاصل تھی۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 میں اپنے پہلے غزل البم ’آہٹ‘ سے کیا جس کے بعد انہوں نے بڑی تعداد میں سپر ہٹ غزلیں گائیں۔
پورے کیریئر کے دوران پنکج ادھاس کو موسیقی کی دنیا میں خدمات کے عوض کئی ایوارڈز ملے۔
انہیں 2006 میں انڈین حکومت کی جانب سے غزل گانے اور کینسر کے مریضوں اور تھیلیسیما کے مرض کے شکار بچوں کے لیے فلاحی کام کرنے پر معتبر پدما شری ایوارڈ دیا گیا۔
پنکج ادھاس کے فن کی بدولت انہیں انڈیا کے علاوہ دنیا بھر میں غیر معمولی پہچان ملی اور انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں ایوارڈز جیتے جس میں ایم ٹی وی امیز ایوارڈ اور اندرا گاندھی پریادرشنی ایوارڈ نمایاں ہیں۔
پنکج ادھاس نے بالی وُڈ فلموں کے لیے بھی سدا بہار گانے گائے جن میں ’چِٹھی آئی ہے‘ ’نہ کجرے کی دھار‘ ’اور آہستہ کیجیے باتیں، اِک طرف اس کا گھر‘ اور ’تھوڑی تھوڑی پیا کرو‘ جیسے گانے شامل ہیں۔
معروف غزل گائیک کے انتقال پر انڈیا کے شوبز حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے پنکج ادھاس کی آخری رسومات منگل کو ادا کی جائیں گی۔

شیئر: