Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹ کی چربی کم کرنے کے لیے صبح کِن ٹپس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے؟

طبی ماہرین کے مطابق دوڑ لگانے، پہاڑ چڑھنے اور واک کرنے سے پیٹ کی چربی کم ہوسکتی ہے (فوٹو: فری پِک)
ضرورت سے زیادہ بڑھا ہوا پیٹ کئی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق پیٹ کی چربی کے باعث ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، دل کی بیماریاں، جگر کی سوزش اور نیند کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تمام امراض اور جسمانی مسائل سے بچنے کے لیے پیٹ کی چربی کو کم کرنا نہایت اہم ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ایک مضمون میں پیٹ کی چربی کو کم کرنے کے لیے چند ٹپس کا ذکر کیا گیا ہے۔
پروٹین سے بھرپور ناشتہ کریں
پروٹین لینے سے پیٹ کئی گھنٹوں تک بھرا رہ سکتا ہے اور کئی گھنٹوں تک بھوک بھی محسوس نہیں ہوتی۔ صبح پروٹین سے بھرپور ناشتہ کرنے سے ہم دن کے وقت ضرورت سے زیادہ کھانا کھانے سے بچ جاتے ہیں۔ پروٹین سے جسم کے مسل بھی بنتے ہیں۔
اٹھنے کے بعد پانی پئیں
صبح کا آغاز پانی کا گلاس پی کر کرنے سے وزن کم ہو سکتا ہے۔ اس سے بھوک کم ہوتی ہے اور جسم میں طاقت پیدا ہوتی ہے۔ صبح کے وقت نہار منہ اگر پانی میں لیموں کا رس ڈال کر پیا جائے تو زیادہ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
ورزش اور مراقبہ
باقاعدگی سے ورزش کرنا ہماری صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس سے ہمارا وزن کم ہوتا ہے۔ دوڑ لگانے، پہاڑ چڑھنے اور واک کرنے سے پیٹ کی چربی کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ گہرے سانس کی مشقیں کرنے سے بھی وزن کم ہوتا ہے اور ذہنی دباؤ سے چھٹکارا ملتا ہے جس سے وزن میں کمی آتی ہے۔
دھوپ لیں
تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ دھوپ حاصل کرنے سے وزن میں کمی آتی ہے۔ سورج کی روشنی سے جسم کو وٹامن ڈی ملتا ہے جس سے وزن کم کرنے میں معاونت حاصل ہوتی ہے۔
دن بھر کے کھانوں کی ترتیب بنائیں
صبح اٹھنے کے بعد باقاعدگی سے دن بھر کے کھانوں کی ترتیب بنائیں۔ اس سے آپ دن بھر غیر ضروری چیزیں کھانے سے اجتناب کرتے رہیں گے۔ اگر آپ کام پر جاتے ہیں تو اپنے ساتھ صحت مند کھانا لے کر جائیں۔

شیئر: