Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کیوں؟ ’سب کچھ عُجلت میں ہو رہا ہے‘

مریم نواز کو حلف اُٹھائے پانچ روز ہو چکے ہیں، تاہم ابھی تک صوبائی کابینہ وجود میں نہیں آئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں عام انتخابات کے بعد سیاسی گرد اب کسی حد تک بیٹھ رہی ہے۔ پنجاب میں مریم نواز کو وزیراعلٰی پنجاب کا حلف اُٹھائے پانچ روز ہو چکے ہیں، تاہم ابھی تک اُن کی کابینہ وجود میں آئی نہ ہی مسلم لیگ ن کی طرف سے تاحال کابینہ ارکان کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔
 بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کا ایک ہنگامی اجلاس بلایا گیا تھا جس میں ساڑھے تین کھرب روپے کا مَنی بل پاس کروایا جانا تھا۔ 
اس اجلاس میں اپوزیشن نے نقطہ اٹھایا کہ اسمبلی کے اندر کسی بھی طرح کا بجٹ کوئی وزیر ہی پیش کر سکتا ہے اور مریم اورنگزیب ایک رکن کی حیثیت سے بجٹ پیش نہیں کر سکتیں۔
اس وقت تو سپیکر نے رولنگ دے دی کی چونکہ ابھی صرف وزیراعلٰی کا انتخاب ہوا ہے اور کابینہ موجود نہیں ہے اور صوبہ چلانے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے لہٰذا اسمبلی کا کوئی بھی رکن بجٹ پیش کر سکتا ہے۔ 
تاہم دوسری جانب سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ  پنجاب کابینہ میں تاخیر ملک میں جاری سیاسی افراتفری کی وجہ ہی ہو سکتی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں سنی تحریک کے اپوزیشن لیڈر رانا آفتاب احمد خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن پر کابینہ نہ بنانے کے حوالے سے تنقید کی۔ 
ان کا کہنا ہے کہ ’اب تو واضح ہو گیا ہے کہ اُن کی کسی قسم کی کوئی تیاری نہیں تھی اور انہوں نے سب کچھ عُجلت میں کیا ہے تاکہ ہمیں مخصوص نشستیں نہ مل سکیں۔‘
’انہوں نے جلدی جلدی سے وزیراعلٰی کا الیکشن کروایا اور ایک نامکمل اسمبلی سے الیکشن کمیشن کی مِلی بھگت سے قائد ایوان کا انتخاب ہو گیا۔‘
رانا آفتاب احمد خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’انہوں نے اسمبلی سے ہی خطیر رقم منظور کروا لی ہے جبکہ ان کے پاس ابھی تک وزیر خزانہ نہیں ہے۔‘ 
’ایسے لگ رہا ہے کہ صوبے کا حکمران کوئی اور ہے۔ ہم نے اسمبلی کے اندر بھی نقطہ اعتراض پر یہ پوائنٹ اُٹھایا تھا۔ اب پتا نہیں یہ اسمبلی کا اجلاس کب بلاتے ہیں، لیکن اِن کی عُجلت اور نااہلی واضح ہو چکی ہے۔ ‘

اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ’یہ واضح ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی کسی قسم کی کوئی تیاری نہیں تھی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب مریم نواز نے صوبے کی وزیراعلٰی کا منصب سنبھالتے ہی مختلف محکموں سے بریفنگ لے کر کام کا آغاز کر دیا ہے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ان کی کابینہ میں کون سے چہرے ہوں گے وہ اپنی ٹیم بنائیں گی یا پھر پُرانے چہرے ہی ہوں گے۔‘
 ایک لیگی رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’کابینہ کے پہلے مرحلے میں وزرا کے حوالے سے چیزیں فائنل کر لی گئی ہیں، تاہم اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ان کا اعلان کب کیا جائے گا۔‘
’میرے خیال میں وفاق میں حکومت سازی کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔ اتوار کو شہباز شریف حلف اٹھائیں گے اور میرے خیال میں اُس کے بعد صوبوں کی باری آئے گی۔‘
پنجاب میں مسلم لیگ ن کی ترجمان اعظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ’ایسا نہیں ہے کہ مسلم لیگ ن کی تیاری نہیں ہے۔ مریم نواز کی پہلی تقریر اگر آپ نے سنی ہو تو صوبہ چلانے کا پورا روڈ میپ انہوں نے پنجاب کی عوام کے سامنے رکھا ہے۔‘
’اس سے پوری طرح واضح ہو گیا تھا کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ آئی ہیں۔ حکومت بننے کے عمل اتنا آسان اور سادہ بھی نہیں ہوتا جتنا لوگ سمجھتے ہیں۔ آئندہ چند روز میں پنجاب کابینہ کا اعلان بھی ہو جائے گا اور ارکان حلف بھی اٹھا لیں گے۔‘

شیئر: