مسقط کتب میلہ: وزارت اسلامی امور کی جانب سے 10 ہزار قرآن کریم کے نسخے تقسیم
سٹال پر تھری ڈی کے ذریعے زائرین کو حج و عمرہ کے طریقوں سے مطلع کیا گیا (فوٹو، ایس پی اے)
وزارت اسلامی امور کی جانب سے مسقط میں منعقدہ عالمی کتب میلے میں شاہ فہد پرنٹنگ پریس کے تیار کردہ 10 ہزار قرآن کریم کے نسخے تقسیم کیے گئے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عمان کے دار الحکومت مسقط میں گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں عالمی کتب میلے کے 28ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا گیا جو دو ہفتے جاری رہنے کے بعد سنیچر 2 مارچ کو ختم ہو گیا۔
کتب میلے میں سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و الارشاد کی جانب سے بھی خصوصی سٹال لگایا گیا۔
سعودی وزارت اسلامی امور کے سٹال پر مدینہ منورہ میں شاہ فہد پرنٹنگ پریس کی جانب سے چھاپے گئے قرآن کریم کے 77 زبانوں میں ترجمہ شدہ نسخے رکھے گئے تھے۔ جنہیں زائرین کو تحفے کے طور پر دیا گیا۔
وزارت کے سٹال پر مدینہ منورہ پرنٹنگ پریس کے حوالے سے بھی زائرین کو کافی تفصیل سے آگاہی فراہم کی گئی جس میں انہیں قرآن کریم کی طباعت اور ترجمہ کے مراحل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی۔
سٹال پر آنے والوں کو تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ذریعے مناسک حج و عمرہ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جس کا مقصد لوگوں کو درست طریقے سے حج و عمرہ کے ارکان کے بارے میں مطلع کرنا تھا۔