Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

44 سال بعد تاریخ درست ہوئی ہے، بلاول بھٹو کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم امید رکھتے ہیں کہ اب ہمارا نظام صحیح سمت پر چلنا شروع ہو جائے گا۔‘
بدھ کو سابق وزیر اعظم کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے نو رکنی لارجر بینچ نے متفقہ رائے دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 44 سال بعد تاریخ درست ہونے جا رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ سنا دیا اور ایک تاریخی قدم اٹھایا۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق عدالت نے ابتدائی ریمارکس میں کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے یہ فیصلہ سنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’عدالت نے مانا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس داغ کی وجہ سے پاکستانی عوام سمجھتے تھے کہ انصاف کا ملنا مشکل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے اور وکلا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے تفصیل میں بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان ترقی کرے گا چاہے وہ عدالتی نظام ہو یا جمہوری نظام میں۔

شیئر: