خواتین کا عالمی دن: گوگل کا منفرد ڈوڈل سے خراج تحسین
جمعہ 8 مارچ 2024 9:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے گوگل نے منفرد ڈوڈل کے ذریعے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں فعال خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
گوگل کی جانب سے آٹھ مارچ کی مناسبت سے جاری کردہ ڈوڈل میں ایک لحاف نمایاں کیا گیا ہے جسے خواتین کی ترقی پر مبنی مختلف علامتوں سے سلا گیا ہے۔
ڈوڈل میں خواتین کے نسل در نسل ایک دوسرے سے علم و دانش کے اشتراک کو واضح کیا گیا ہے۔ اس میں صنفی مساوات پر حاصل ہونے والی کامیابوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
سنہ 1975 میں 8 مارچ کو اقوام متحدہ نے پہلی بار خواتین کا عالمی دن منایا تھا۔ یہ دن سینٹ پیٹرزبرگ اور نیویارک میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ابتدائی دو مظاہروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے جہاں دنیا کے مختلف حصوں میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے وہیں پاکستان میں بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی اس دن کی مناسبت سے گفتگو جاری ہے۔
اس دن کی مناسبت سے پاکستان کے مختلف شہروں میں ریلیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں صنفی مساوات کے حصول کے لیے منصفانہ اور محفوظ روزگار، ووٹ کے حق، اور عوامی عہدہ رکھنے کے حق اور خواتین کی آزادی، خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام جیسے اہداف شامل ہوتے ہیں۔
آج کے دن ان خواتین کو یاد رکھا جاتا ہے ہیں جنہوں نے معاشرے کو تبدیل کیا، مساوات کے لیے جدوجہد کی، اور زندگی کے مختلف شعبوں میں لوگوں کے لیے مثبت مثالیں قائم کیں۔