Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آصف علی زرداری نے ملک کے 14 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

آصف علی زرداری صدارت کے عہدے کے لیے حکمران اتحاد کے متفقہ امیدوار تھے۔ (فوٹو: پی پی پی میڈیا سیل)
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے ملک کے 14 ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
آصف علی زرداری کی حلف برداری کی تقریب اتوار کی سہ پہر کو ایوان صدر میں ہوئی۔
پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نومنتخب سے حلف لیا۔
 حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سبکدوش ہونے والے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان ، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام محمد، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔
تقریب میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نومنتخب اراکین قومی اسمبلی اورغیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف، سینیٹر اسحاق ڈار، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، شرجیل میمن، نواب جمال خان رئیسانی سمیت دیگر سیاسی قیادت موجود تھی ۔
خیال رہے صدرآصف علی زرداری 2008 سے 2013 تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
آصف علی زرداری حکمران اتحاد کے متفقہ امیدوار تھے۔
سنیچر کو آصف علی زرداری 411 ووٹ لے کر دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہو گئے تھے۔ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مشترکہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے۔
صدارتی انتخاب کے لیے سنیچر کو پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں سوبائی اسمبلیوں میں ارکان نے ووٹ ڈالے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے کل 1185 الیکٹورل ووٹوں میں سے 1044 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ مخصوص نشستوں سمیت 92 نشستیں تاحال خالی ہیں جبکہ پریزائڈنگ افسران نے کل نو ووٹ مسترد کیے۔

شیئر: