Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب معاشی اور ترقیاتی امداد فراہم کرنے والے ملکوں میں سرفہرست

شاہ سلمان مرکز مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا (فوٹو: سکرین گریب الاخباریہ)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب نے گزشتہ 30 برسوں میں 169 ممالک کو 129 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔‘
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے مطابق سعودی عرب معاشی اور ترقیاتی امداد فراہم کرنے میں دنیا میں سرفہرست ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا’ شاہ سلمان مرکز مملکت کی انسانی امداد فراہم کرنے کی طویل تاریخ میں ایک نیا اضافہ ہے جس کا آغاز 13 مئی 2015 کو ہوا تھا۔‘
شاہ سلمان مرکز کے ذریعے سعودی عرب نے اپنی اقدار اور روایات کے مطابق دنیا بھر میں مصائب کا شکار افراد اور ملکوں کی جانب مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان مرکز نے قدرتی آفات، جنگ اور تنازعات سے متاثرہ بہت سے علاقوں میں انسانی امداد اور امداد فراہم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔
مرکز  نے ایک دہائی سے بھی کم عرصے میں دنیا کے 92 سے زیادہ ممالک میں ہیومینٹرین اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے لاکھوں افراد کی مدد کی ہے۔
شاہ سلمان مرکز مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 402  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 176 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں جن میں سابق برطانوی محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس، انٹرنیشنل میڈیکل کور یوکے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کا دفتر، اقوام متحدہ پناہ گزینوں کی ایجنسی اور اقوام متحدہ کے بچوں کا فنڈ شامل ہے۔

شیئر: