مسجد الحرام میں بنگلہ دیشی زائرکو دل کا دورہ، طبی یونٹ کی بروقت کارروائی
مسجد الحرام میں بنگلہ دیشی زائرکو دل کا دورہ، طبی یونٹ کی بروقت کارروائی
ہفتہ 16 مارچ 2024 20:35
طبی اہلکاروں نے بجلی کے جھٹکے دے کر زائر کے دل کی دھڑکن بحال کی(فوٹو، ایس پی اے)
مسجد الحرام میں موجود ہلال الاحمر کے طبی یونٹ نے بنگلہ دیشی عمرہ زائرکو بروقت طبی امداد فراہم کرکے اسے دل کے دورے سے بچا لیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ہلال الاحمر کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر مصطفی بن جمیل بلجون نے بتایا کہ ہلال الاحمر کے طبی یونٹ مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں معمول کی گشت پر تھے کہ وہاں موجود لوگوں نے ایک عمرہ زائر کے بارے میں بتایا جو نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا۔
طبی یونٹ کے اہلکاروں نے فوری طورپر زائر کا طبی معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ اسے شدید دل کا دورہ پڑا ہے جس سے اس کا نظام تنفس بھی متاثر ہوا ہے۔
ہلال الاحمر کے اہلکاروں نے نیم بے ہوش زائر کا نظام تنفس بحال کرنے کےلیے اسے مصنوعی سانس دینے کی کوشش کی ساتھ ہی دل کی دھڑکن بحال کرنے کےلیے الیکٹریکل شاکس بھی دیئے جس سے تھوڑی ہی دیر میں اس کی طبعیت بحال ہونے لگی۔
طبی یونٹ کی ٹیم نے ایمبولینس طلب کرکے مریض کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں اسے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں پہنچا دیا گیا۔
واضح رہے مسجد الحرام میں ہلال الاحمر کے ہنگامی سینٹر موجود ہے جبکہ طبی اہلکار مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں بھی گشت کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جاسکے۔
ماہ رمضان المبارک میں ہلال الاحمر کے یونٹس کی تعداد میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔ مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر طبی اہلکاروں کو تعینات کیا جاتا ہے جن کے پاس ہنگامی امداد میں استعمال ہونے والے آلات اور زندگی بچانے کی ادویات بھی موجود ہوتی ہیں۔