Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین لائسنس یافتہ حجاموں کی خدمت حاصل کریں، وزارت حج

پابندی کا مقصد زائرین کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے(فوٹو، ایکس )
وزارت حج   نے رمضان المبارک میں آنے والے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد احرام کی پابندی سے آزاد ہونے کے لیے بال کٹوانے کےلیے لائسنس یافتہ حجاموں کی خدمات حاصل کی جائیں۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے جاری کی جانے والی ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ عمرہ زائرین غیرقانونی طورپر بال کٹوانے والوں سے گریز کریں تاکہ صحت کے حوالے سے کسی قسم کی دشواری میں مبتلا نہ ہوں۔
وزارت حج کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ کی جانب سے لائسنس یافتہ باربر شاپس کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے تاکہ وہ حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھیں۔
واضح رہے رمضان المبارک میں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین ارض مقدس آتے ہیں جبکہ اندورن مملکت سے بھی بڑی تعداد میں عمرہ کی ادائیگی کےلیے زائرین مکہ مکرمہ آتے ہیں۔
عمرہ کی ادائیگی کے بعد احرام کی پابندیوں سے آزاد ہونے کےلیے لازمی ہے کہ بال کٹوائے جائیں ۔ اس حوالے سے بلدیہ کی جانب سے مسجد الحرام کے اطراف میں موجود باربر شاپس کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے۔

بلدیہ کی ٹیمیں باربر شاپس کی نگرانی کرتی ہیں (فوٹو، عکاظ اخبار )

 بلدیہ کے طبی یونٹ کی جانب سے حجاموں کا باقاعدہ  طبی معائنہ کیا جاتا ہے تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ حجاموں کو کسی قسم کی کوئی بیماری تو لاحق نہیں۔ علاوہ ازیں بلدیہ کی جانب سے حجاموں کے لیے ضوابط مقرر کیے ہیں جن کا مقصد لوگوں کو جلد اور دیگر امراض سے محفوظ رکھنا ہے۔

شیئر: