امریکہ: ٹیکساس میں بینک لوٹنے والے تین بچے والدین کی مدد سے گرفتار
مقامی میڈیا کے مطابق بچوں نے بینک ٹیلر کو دھمکی آمیز نوٹ تھمایا اور کیش لے کر پیدل ہی بینک سے بھاگ گئے (فوٹو: گوگل میپس)
امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں بینک کو لوٹنے والے تین بچوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے مطابق ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ٹیکساس میں مبینہ طور پر بینک لوٹنے والے تین بچوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ہیوسٹن کے ہیرس کاؤنٹی شیرف آفس کے ترجمان نے ای میل میں اس بات کی تصدیق کی کہ بینک لوٹنے والے بچوں کی عمر 11، 12 اور 16 سال تھی جن پر دھمکی دے کر ڈکیتی کرنے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’بچوں کی عمر 18 برس سے کم ہے اس لیے اُن کے ناموں اور باقی معلومات کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔‘
ہیوسٹن کے ایف بی آئی آفس نے سی سی ٹی وی کیمرے میں ان مشتبہ بچوں کو گرینز پوائنٹ کے علاقے میں ویلز فارگو بینک کو لوٹتے ہوئے دیکھا۔
ایف بی آئی ہیوسٹن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’انہیں پہچانیں۔ آپ کو یقین نہیں آئے گا انہوں نے ویلز فارگو بینک لوٹا ہے۔‘
مقامی میڈیا کے مطابق بچوں نے بینک ٹیلر کو دھمکی آمیز نوٹ تھمایا اور کیش لے کر پیدل ہی بینک سے بھاگ گئے۔
ایف بی آئی کی جانب سے ’چھوٹے ڈکیتوں‘ کی تصویر پوسٹ کیے جانے کے بعد دو لڑکوں کے والدین نے انہیں پہچاننے کے بعد ایف بی آئی کو اطلاع دی جبکہ ایک لڑکے کی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شناخت کی۔