Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں اردو سمیت گیارہ زبانوں میں ’فتوی روبوٹس‘ سروس، کاونٹرز اور ٹول فری نمبر

ڈیجیٹل ایپلیکیشنز کے ذریعے بھی زائرین کی رہنمائی کی جاری ہے۔( فوٹو: سبق)
حرمین شریفین میں دینی امور کے ادارے کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں زائرین کو سہولت فراہم کرنے کےلیے خصوصی طور پرمصنوعی ذہانت کا استعمال کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق مسجد الحرام میں مختلف زبانوں میں فتوی اور مسائل دریافت کرنے کے لیے اردو سمیت 11 زبانوں میں روبوٹک سروس کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ زائرین حرم کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ڈیزائن کیے گئے متحرک روبوٹس انتہائی حساس سینسرز اور فائیو جی نیٹ ورک سے لیس ہیں جبکہ 21 انچ اسکرین کی وجہ سے سوال پوچھنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
ادارہ امور حرمین میں دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ’ حرمین شریفین سے جاری ہونے والے رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو دنیا بھر تک پہنچانے کےلیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے روبوٹک سروس فراہم کی گئی ہے۔‘
علاوہ ازیں ڈیجیٹل ایپلیکیشنز کے ذریعے بھی زائرین کی رہنمائی کے لیے جامع منصوبے پرعمل جاری ہے۔
واضح رہے مسجد الحرام میں متحرک روبوٹس میں اردو، عربی، انگلش ، فرنچ ، روسی ، فارسی، ترکی، ملاوی، بنگالی، چینی اور ہوساوی زبانوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے زائرین اپنی زبان کا انتخاب کرکے ماہرین علوم دینہ سے فوری رابطہ کرتے ہوئے درپیش مسئلے کا شرعی حل دریافت کرسکتے ہیں۔
متحرک روبوٹس کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں نصب انتہائی حساس کیمروں اور سینسرز کے ذریعے انہیں خود کار طریقے سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے جبکہ روبوٹ میں صوتی نظام کو بھی انتہائی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بہترین بنایا گیا ہے۔

زائرین کے فوری استفسارات کےلیے کاونٹرز اور کیبنز بھی قائم کیے گئے ہیں

تیز رفتار وائی فائی سسٹم سے لیس یہ روبوٹس چلتے پھرتے ’فتوی روبوٹس‘ کہلاتے ہیں۔
دوسری جانب ادارہ امور حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی نسبت سے زائرین کے فوری استفسارات کےلیے مختلف مقامات پر کاونٹرز اور کیبنز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں موجود علما بھی موجود ہیں جن سے زائرین براہ راست اپنے مسئلے کا حل دریافت کرسکتے ہیں۔
ادارے کی جانب سے مختلف زبانوں میں معلوماتی کتابچوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جن میں رمضان المبارک کے حوالے سے اہم امورکے حوالے سے مفید معلومات مہیا کی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے رمضان المبارک کے حوالے سے دینی معاملات کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے ٹول فری نمبر بھی مخصوص کیا ہے جن پر رابطہ کرتے ہوئے کسی بھی وقت اپنا مسئلہ اور اس کا حل دریافت کیا جاسکتا ہے۔

شیئر: